پاک فضائیہ کا چین کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیارے ایف سی 31 کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار

ہفتہ 22 نومبر 2014 13:12

پاک فضائیہ کا چین کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیارے ایف سی 31 کی خریداری ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 22نومبر 2014ء) پاک فضائیہ(پی اے ایف) نے چین کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیارے ایف سی 31 کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر برائے دفاعی امور رانا تنویر حسین نے بتایا کہ معاملے پر چینی انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان چین سے گن شپ ہیلی کاپٹر زی 10 کی خریداری میں دلچسپی رکھتا ہے۔

پاکستان اور چین اس سے پہلے مل کر جے ایف 17 تھنڈر بھی تیار کرچکے ہیں اور اب پاکستان ان طیاروں کو فروخت کرنے کی کوشش بھی کررہا ہے، اس حوالے سے وفاقی وزیر نے کہاکہ ہمیں اب تک لگ بھگ سات ممالک کی جانب سے جے ایف 17 کے آرڈرز مل چکے ہیں۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہاکہ پاک فضائیہ کو ڈھائی سو لڑاکا طیاروں کی ضرورت ہے مگر اب ہم نے اپنے چند جے ایف 17 بلاک ٹو بین الاقوامی خریداروں کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اپنی مقامی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے اس حوالے سے یکم دسمبر سے کراچی میں شروع ہونے والی چار روزہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014 کو کافی اہم قرار دیا جس میں 34 مقامی کمپنیوں سمیت لگ بھگ 175 کمپنیاں شرکت کریں گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چند مفاہمتی یاداشتیں اور شراکت داری کے معاہدوں پر بھی اس نمائش کے دوران دستخط کا امکان ہے تاہم اس ایونٹ کے دوران کسی آرڈر کی توقع نہیں اس نمائش کا بنیادی مقصد دیگر ممالک کی دفاعی صنعتوں کے عہدیداروں سے تعلق کو بڑھا کر اپنی صنعت کو فروغ دینا ہے۔

یاد رہے کہ دی جین ڈیفینس ویکلی نے ایک بے نام پاکستانی عہدیدار کے حوالے سے بتایا تھا کہ پی اے ایف چین سے تیس سے چالیس شینیانگ ایف سی 31 طیارے کریدنے کے لیے بات چیت کررہی ہے اور اس حوالے سے مذاکرات ابتدائی مراحل سے آگے نکل چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :