تھرپارکر میں مزید دوبچے دم توڑ گئے، مجموعی تعداد 107 ہو گئی

ہفتہ 22 نومبر 2014 12:31

تھرپارکر (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 22نومبر 2014ء )تھرپارکر میں غذائی قلت کا شکار مزید دوبچے دم توڑ گئے، پچاس روز میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 107 ہو گئی ۔ تھرپارکر میں بھوک، بیماری اور موت نے زندگی عذاب بنا دی۔ غذائی قلت کے باعث کم سن بچے زندگی کی بازی ہار نے لگے بعض بچوں نے تو آنکھ کھولتے ہی موت کو گلے لگا لیا۔ مٹھیہسپتال میں نومولود ''دْرگا'' نے پیدائش کے دو روز بعد ہی دنیا سے منہ موڑ لیا۔

(جاری ہے)

پسماندگی، محرومی اور غربت کا شکار تھر میں بے بس ماوٴں کی گودیں اجڑنا معمول بن چکا ہے۔ چھاچھرو کے ہسپتال میں اب بھی متعدد بچے موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہوگئے۔ دوسری جانب چارے کی کمی کے باعث تھر کے باسیوں کے سیکڑوں جانور بھی ہلاک ہو گئے۔ بھوک اور پیاس سے نڈھال سیکڑوں بے بس مکین اپنے گھر بار چھوڑ گئے۔ نقل مکانی کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے مختلف دیہات کے مکین تاحال امداد کیلئے کسی مسیحا کے منتظر ہیں۔