اسلام آباد میں احتجاج کیلئے جگہ مختص کی جائے،میٹرو اور دھرنوں نے کاروبار تباہ کر دیئے ہیں، خالد میاں

جمعہ 21 نومبر 2014 23:38

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء ) آئی سی ٹی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری کے صدر اور ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن آئی نائن مرکز کے صدر خالد میاں نے کہا ہے کہ 25 جولائی سے اسلام آباد کے شہری دھرنوں اور احتجاج کی وجہ سے زیر عتاب ہیں اور کاروباری حالات اتنے خراب ہو چکے ہیں کہ روزانہ کے اخراجات پورے کرنا بھی ممکن نہیں رہے جبکہ بجلی کے بلوں نے تاجروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار فوری طور پر مداخلت کر کے اسلا م آباد کے کے لئے فیض آباد کے قریب نمائش گراوٴنڈ کو احتجاج کے لئے مختص کرنے کے احکامات جاری کریں یہ مطالبہ انہوں نے مختلف مارکیٹوں کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مذید کہا کہ احتجاجی سیاست کے ساتھ ساتھ میٹرو پروجیکٹ کی وجہ سے بھی شہر بھر میں مشکلات کا سامنا ہے بلیوایریا جہاں پر احتجاج ہو رہا ہے میٹرو کے بے ہنگم پروجیکٹ کی وجہ سے بلیوا یریا مارکیٹ مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے گاہک ادھر جا ہی نہیں سکتا اور ٹھیکداروں نے کھدائی کر کے لاوارث چھوڑ دیا ہے اور اسلام آباد لاوارث ہو گیا ہے جبکہ ان کا سارا زور راولپنڈ ی پر ہے۔

(جاری ہے)

خالد میاں نے مذید کہا کہ احتجاج ہر سیاسی پارٹی کا حق ہے لیکن ان کا حق یہ بھی ہے کہ وہ دوسروں کا خیال رکھیں۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے اپیل کی کہ اگر 30 نومبرکو کوئی جلسہ ہونا ہے تو اس کے لئے مخصوص راستوں سے گزرنے کی اجازت دی جائے انہوں نے تمام تاجروں سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلہ پر متحد ہو جائیں۔انہوں نے مذید کہا کہ آئیندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے نمائندگان کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں دھرنوں اور احتجاج کی وجہ سے ہونے والے نقصان کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے گا۔