پاکستان اور برطانیہ کے درمیان طویل ثقافتی، تاریخی اور کاروباری تعلقات موجود ہیں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر

جمعہ 21 نومبر 2014 23:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر پیٹرک موڈی نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان طویل ثقافتی، تاریخی اور کاروباری تعلقات موجود ہیں، پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز کے لئے چھوٹے قرضے دیئے جائیں گے ۔ جمعہ کو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نسٹ میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے سوشل انٹرپرینور شپ کے موضوع پر پینل ڈسکشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اپنا کاروبار شروع کرنے کے لاتعداد مواقع موجود ہیں اور یہ نہ صرف معاشی مسائل کو حل کر سکتے ہیں بلکہ بے روزگاری کے خاتمے اور سماجی بہبود میں بھی مددگار ہوتے ہیں۔

اس لئے برطانیہ پاکستان میں چھوٹے اور مائیکرو کاروباری شعبہ کی ترقی کی حمایت کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

آنے والے چند برسوں میں برطانیہ 10 لاکھ سے زائد غریب افراد کو مائیکرو فنانس تک رسائی مہیاء کرے گا جن میں سے 60 فیصد خواتین ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان بھر میں ہزاروں افراد کو چھوٹے کاروبار کے لئے قرضے مہیاء کر کے نئے کاروبار کا آغاز کرنے والوں کو تعاون مہیاء کریں گے۔ اس کے علاوہ ہم پنجاب کے غریب ترین عوام کو پیشہ ورانہ اور ہنرمندی کی تربیت بھی فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ ملازمتیں حاصل کر کے برسر روزگار ہو سکیں۔ سوشل انٹرپرینور شپ کا مقصد پاکستان بھر کے نوجوانوں کو خود سے نئے کام شروع کرنے کی صلاحیتوں کو تلاش کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :