نیب نے سابق جوائنٹ سیکریٹری ہاؤسنگ و تعمیرات مولا بخش اعوان کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کا ریفرنس دائر کر دیا

جمعہ 21 نومبر 2014 23:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) قومی احتساب بیورو نے سابق جوائنٹ سیکریٹری ہاؤسنگ و تعمیرات مولا بخش اعوان کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق جوائنٹ سیکرٹری پر پاک پی ڈبلیو ڈی میں ڈیلی ویجز ورک چارج بنیادوں پر غیر قانونی بھرتیوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ انہیں تین دن کے لئے وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات کے قائم مقام سیکریٹری کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔

انہوں نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے این او سی حاصل کئے بغیر بھرتیوں پر پابندی کے باوجود پاک پی ڈبلیو ڈی میں بھرتیوں کی منظوری دی۔ نیب کی تحقیقات کے مطابق انہوں نے قومی خزانے کو 63 لاکھ 21 ہزار سے زائد کا نقصان پہنچایا جس پر ان کے خلاف احتساب عدالت میں کرپشن کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے ادھر نیب خیبر پختونخوا نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سابق ملازم جمیل احمد کو مضاربہ مشارکہ کے ذریعے سادہ لوح شہریوں سے کروڑوں روپے ہڑپ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مضاربہ مشارکہ کے نام پر ساتھیوں کے ذریعے لوگوں سے کروڑوں روپے بٹورے اور بعد ازاں نہ تو انہیں کسی قسم کا منافع دیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔ ملزم کو (آج) ہفتہ کو جسمانی ریمانڈ کے لئے احتساب عدالت پشاور میں پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :