بیمار و مردہ جانوروں کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر درجنوں چھاپے مارے جا رہے ہیں،

247 ایف آئی آرز درج کرائی جا چکی ہیں، سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نسیم صادق، ایسے مکروہ کاروبار میں ملوث افراد سماج دشمن ہیں، کمشنر لاہور ڈویژن

جمعہ 21 نومبر 2014 23:31

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب نسیم صادق نے کہا ہے کہ نیم مردہ اور بیمار جانوروں کا گوشت دوسرے شہروں اور علاقوں سے لا کر فروخت کرنے والے بے حس و بے ضمیر افراد کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور اس انسانی صحت دشمنی کاروبار کی بیخ کنی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گا- انہوں نے کہا کہ لاہور شہر گوشت کی فروخت کے لیے بڑی منڈی ہے جس کی وجہ سے پورے پنجاب سمیت لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر درجنوں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اب تک 247 ایف آئی آرز درج کرائی گئی ہیں- کمشنر لاہور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ نیم مردہ اور بیمار جانوروں کے گوشت کے خلاف کارروائی کے لیے تمام اضلاع کے ڈی پی اوز کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں- انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، لاہور کے تمام متعلقہ محکمے پوری طرح الرٹ ہیں اور غیر قانونی مذبحہ خانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ ایسے مکروہ کاروبار میں ملوث افراد سماج دشمن ہیں جن کے خلاف کارروائی کو مزید سخت کرنے کے لیے دفعہ 144 بھی نافذ کردی جائے گی- کمشنر لاہور نے کہا کہ نیم مردہ اور بیمار جانوروں کے گوشت کی ترسیل کو روکنے کے لیے ذرائع رسل و رسائل کو بھی چیک کرایا جا رہا ہے،سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نسیم صادق اور کمشنر لاہور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے ان خیالات کا اظہار بیمار و مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا- اجلاس میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب، ڈی او لاری اڈا، پولیس اور لائیو سٹاک کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :