پنجاب کابینہ کے اجلاس میں سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد کرنے پر حکومت پنجاب اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے قرارداد کا متن

جمعہ 21 نومبر 2014 23:23

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) پنجاب کابینہ کا اجلاس حالیہ سیلاب کے دوران حکومت پنجاب اورانتظامیہ کی ان کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے‘ جو انہوں نے اس تاریخ کے بدترین سیلاب کے دوران متاثرین کی جانیں بچانے‘ انہیں امداد فراہم کرنے اور ان کی بحالی کے لئے ادا کی ہیں۔ اجلاس اس امر پر اطمینان کا اظہار کرتا ہے کہ یہ خدمات تمام متعلقین کی طرف سے انتہائی مستعدی اور مکمل شفاف انداز میں سرانجام دی گئیں۔

کابینہ کا یہ اجلاس سیلاب کے سلسلے میں تشکیل دی گئی کابینہ کی سب کمیٹی‘ تمام متعلقہ وزراء‘ اراکین پارلیمنٹ‘ سرکاری افسروں ‘ ریسکیو 1122 کے عہدیداروں و کارکنوں‘ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ‘ اربن یونٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے ان رضاکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے‘ جنہوں نے ریسکیو‘ ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

کابینہ کا یہ اجلاس خاص طور پر چیف سیکرٹری پنجاب‘ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو‘ انتظامی سیکرٹریوں‘ پی ڈی ایم اے‘ تمام متعلقہ کمشنروں‘ آر پی اوز‘ ڈی سی اوز‘ ڈی پی اوز اور ان کے ماتحت عملے کی خدمات کو سراہتا ہے۔ پنجاب کابینہ کا یہ اجلاس بحالی کے کام کو جلدازجلد ممکن بنانے کے لئے پنجاب بینک کی خدمات کو بھی سراہتا ہے۔

پنجاب کابینہ سب سے بڑھ کر وزیراعظم محمد نوازشریف کی شکرگزار ہے جن کی دانشمندانہ قیادت اور فراخدلانہ امداد کی وجہ سے متاثرین سیلاب کے لئے کی جانے والی ریلیف اور بحالی کی تمام تر مساعی ممکن ہوسکی۔کابینہ کا یہ اجلاس سیلاب کے دوران پاک فوج‘ بحریہ اور فضائیہ کی بروقت اور جرات مندانہ خدمات کو خاص طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ ان قومی اداروں نے مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب کے مصیبت زدہ عوام کی جو خدمت سرانجام دی وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

پنجاب کابینہ کا اجلاس سیلاب کے حوالے سے پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے کردار کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے جو صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کے دوران صوبے بھر میں سیلاب زدہ علاقوں کے کونے کونے میں پہنچے اور جنہوں نے ریسکیو اورریلیف کے کاموں کی ذاتی طور پر نگرانی کی۔ کابینہ متاثرین سیلاب کے لئے 16 ارب روپے کا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا امدادی پیکج دینے اور کم سے کم ممکنہ وقت میں اس پر انتہائی ٹرانسپئرنٹ انداز میں عملدرآمد کو کو یقینی بنانے پر بھی وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

پنجاب کابینہ ان عالمی تنظیموں اور اداروں کی بھی شکرگزار ہے جنہوں نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تخمینے اور ایک مربوط نظام کے تحت متاثرین کو امدادی رقوم کی بلاتاخیر ادائیگی پر حکومت پنجاب کی تعریف کی ہے۔پنجاب کابینہ کا یہ اجلاس وفاقی وزراء‘ اداروں خصوصاً وزارت داخلہ‘ نادرا‘ این ڈی ایم اے‘ سپارکو اور اے این ایف کا بھی شکرگزار ہے۔ کابینہ کا یہ اجلاس سمجھتا ہے کہ نادرا کی غیرمعمولی مساعی سے ریکارڈ مدت میں تقریباً50لاکھ افرادکی تصدیق اور توثیق یقینا ایک قابل قدر کارنامہ ہے۔