لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کا چیف الیکشن کمشنر کی بلا تاخیر تقرری کا پُر زور مطالبہ،

اب تک جو نام سامنے آئے ہیں وہ سب قابل احترام ہیں ان میں سے کسی ایک نام پر اتفاق کر لیا جائے،شفقت محمود چوہان

جمعہ 21 نومبر 2014 23:19

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن نے چیف الیکشن کمشنر کی بلا تاخیر تقرری کا پُر زور مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاخیر کی وجہ سے سپریم کورٹ کے حکم کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے لہذا حکومت اپوزیشن اور پارلیمانی کمیٹی اپنی آئینی ذ مہ داری پوری کرے۔ اس امر کا اظہار لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان سیکرٹری بار میاں احمد چھچھر نے جمعہ کے روز لاہور ہائیکورٹ بار میں اپنے دیگر عہدے داروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان نے کہا کہ جسٹس (ر )رانا بھگوان داس ،جسٹس (ر )تصدق جیلانی، جسٹس (ر )طارق پرویز، جسٹس (ر )ناصر اسلم زاہد کے اب تک جو نام سامنے آئے ہیں وہ سب قابل احترام ہیں ان میں سے کسی ایک نام پر اتفاق کر لیا جائے۔

(جاری ہے)

اسطرح ججز کے ناموں پر بلاجوازاعتراضات کرکے انہیں متنازعہ نہ بنایا جائے ۔بار کو ان سب پر اعتماد ہے۔

سیاسی جماعتیں ا ن پر رائے زنی اور تنقید کا سلسلہ بند کریں۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنرکی تقرری سے الیکشن کمیشن پر الزامات کا سلسلہ بھی بند ہوجائے گا چیف الیکشن کمشنرکی تقرری کی تقرری نہ ہونے سے بلدیاتی انتخابات کے التواء میں جانے کے حوالے سے شکوک و شہبات پیدا ہو رہے ہیں۔ بار کو چیف الیکشن کمیشن کی تقرری میں تاخیر پر سخت تشویش ہے سیکرٹری بار میاں احمد چھچھرنے کہا کہ سیاسی جماعتیں پہلے ججز کو الیکشن کمیشن میں لے آتے ہیں اور پھر انہیں استعمال کرنے کے بعد ان پر الزامات عائد کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

جہاں الیکشن میں جیت جائیں وہاں سب ٹھیک جہاں نتائج مرضی کے نہ آئیں تو وہاں ریترنگ افسروں پر الزامات عائد کر دیئے جاتے ہیں سیاسی جماعتوں کو اپنی کمزوریوں کو دور کرنا چاہیئے۔