ہماری جنگ سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لیے ہے،صوبائی وزیر تعلیم

جمعہ 21 نومبر 2014 23:16

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے واضح کیا ہے کہ ہماری جنگ سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لیے ہے جب سسٹم ٹھیک ہو گا تو سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ انھوں نے کہا کہ نہ صرف سڑکیں اور گلیاں تعمیر ہونگی بلکہ عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کیا جائے گا۔ وہ آج اپنی رہائشں گاہ واقع مردان میں مختلف وفود سے ملاقاتیں کر رہے تھے ۔

اس موقع پر پی۔ٹی ۔آئی کے کارکن بھی موجودتھے۔بعدازاں عاطف خان نے یو۔سی گجرات میں تعمیر و مرمت وبحالی بخشالی گجرات پل تا مین چار گلی روڈ اور تعمیر ومرمت گجرات تا لنڈے کلے روڈ کا افتتاح کیا اس کے بعد انہوں نے یونین کونسل گجرات کے یونین کونسل دفتر میں میں تقریب میں بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے نگار خان نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اتنے شارٹ نوٹس پر عاطف خان ہمارے درمیان آج موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے یو۔سی گجرات میں روڈز کی تعمیر و بحالی پر عوام کی طرف سے وزیر مو صوف کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے صوبائی وزیر تعلیم کی طر ف سے سپورٹس گراونڈ کے لئے دو کروڑ روپے فراہم کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شروع کردہ ترقیاتی کاموں کو پی۔ٹی ۔ ائی کے ورکرز دیانت داری کے ساتھ اپنے فرض پورا کرتے ہوئے مکمل کرائیں گے۔ عاطف خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس سال میں جتنا فنڈ اس حلقے میں آیا ہے میں اس سے زیادہ فنڈ علاقے کی ترقی کے لئے لاوئنگا۔

اس سے پہلے جو فنڈ آیا ہے وہ عوام کی فلاح بہبود کے بجائے لوگوں کی جیبوں میں چلا جاتاتھا اب اس طرح نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے ٹھیکوں میں میرا کوئی بھی رشتہ دار نہیں ہے۔ اور جب میں خود کمیشن نہیں لیتا تو دوسرے کیسے لے سکتے ہیں۔ عاطف خان نے کہا کہ ستر سال میں پی۔کے ۔ تیس میں ایک بھی کالج تعمیر نہیں ہوسکا ہے۔ انہوں نے خوشخبری سنائی کہ یہاں بہت جلد گرلز کالج پر کام شروع کیا جائے گا۔

پیپر ورک جاری ہے جہاں موزوں ہوا وہاں پر فوری طور پر اس پر کام شروع کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ پی ۔ٹی ۔آئی تو تبدیلی نہیں لا سکی ۔ تو میں واضح کرتا ہوں کی تبدیلی تو یہ ہے کہ پہلے کی طرح ایزی لوڈ اب کسی کو نہیں ہوتا۔ بڑی بڑی عمارتیں اورسڑکیں بنانے سے تبدیلی نہیں آتی ۔ تبدیلی ارادے سے آتی ہے اور ہماری حکومت کا پکا عزم ہے کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پرحل کئے جائیں۔

وزیر تعلیم نے یقین دلایا کہ جو آفیسر مردان کے عوام کی خدمت کرے گا وہ مر د ان میں رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ا ب تک ایک سو پچاس پٹواریوں کوسزا کے طور پر جیل بھیجاجا چکا ہے۔ ہم چئیرمین پی ۔ٹی۔ آئی عمران خان کے اس موقف کی تائید کرتے ہیں کہ پچھلے الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے اس کا ازالہ ہونا چاہیے اورآنے والے الیکشن کے لئے قانون سازی کرنی چاہیے۔

تو کیا یہ غلط ہے۔ عاطف خان نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ تیس نومبر کو اپنے لیڈر کی ہدایت پر اسلام آبا د کے جلسے میں بھر پور شرکت کریں۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو بجلی اور گیس کے بڑے مسائل درپیش ہیں اور یہ دونوں محکمے مرکزی حکومت کے ماتحت ہیں۔ اس میں صوبائی حکومت کا اختیار نہیں ہے۔ بعدازاں انہوں نے کارکنوں کے ہمراہ اپنے حلقے میں مختلف علاقوں نیواسلام آباد ،پوردل آباد، اور نور من خیل میں فاتحہ خوانی کی۔ وہ کچھ دیر غمزادہ خاندان کے ساتھ رہے۔ انھوں نے غمزدہ لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی ۔

متعلقہ عنوان :