جمعیت علمائے اسلام (ف) کا جرگہ آج اسلام آباد میں ہوگا

مختلف سیاسی جماعتیں و قبائلی عمائدین شرکت کرینگے جماعت اسلامی نے جرگہ کی تاریخ کو تبدیل کرنے کی درخواست کی لیکن دور دراز کے مہمانوں کو مدعوکرچکے تھے،حافظ حسین احمد

جمعہ 21 نومبر 2014 22:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کا جرگہ آج اسلام آباد میں ہوگا، مختلف سیاسی جماعتیں و قبائلی عمائدین شرکت کرینگے ، حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ جماعت اسلامی نے جرگہ کی تاریخ کو تبدیل کرنے کی درخواست کی لیکن دور دراز کے مہمانوں کو مدعوکرچکے تھے۔جمعہ کے روز ”اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء“ سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہاکہ آئی ڈی پیز کی مشکلات اور ان کا حل کے عنوان سے قبائلی جرگہ آج اسلام آباد میں ہوگا۔

جرگہ میں شرکت کیلئے عوامی نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی، جماعت اسلامی، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو مدعو کیاگیا ہے جبکہ قبائلی عمائدین کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے اجتماع عام کے باعث جرگہ کی تاریخ کو آگے بڑھانے کی درخواست کی تھی جس پر تفصیلی غور بھی کیاگیا لیکن چونکہ دور دراز کے علاقوں میں دعوت پہنچائی جاچکی تھی اور کچھ عمائدین اسلام آبادپہنچ بھی چکے ہیں اس لئے اب جرگہ کی تاریخ تبدیل کرنا ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد 22نومبر کی تاریخ کو برقرار رکھاگیا ۔ انہوں نے کہاکہ جرگہ جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ (حیدر)