پنجاب کابینہ کا اجلاس ، چنیوٹ میں معدنی ذخائر کے منصوبے میں پیشرفت کی ابتدائی خوشخبری,

چینی کمپنی نے ڈرلنگ کے ذریعے حاصل ہونیوالے معدنی ذخائر کے نمونوں کو حوصلہ افزاء قرار دے دیا،کابینہ کی وزیراعلیٰ کو مبارکباد, سیلاب متاثرین کی بھرپور مددکرنے پر وزراء،اراکین ا سمبلی، چیف سیکرٹری، متعلقہ اداروں اور پوری ٹیم کو خراج تحسین کیلئے متفقہ قرارداد منظور, زمین میں چھپے معدنی خزانے ہمارے لئے تیل یا گیس سے کم نہیں،انشاء الله یہ خزانے ترقی و خوشحالی کے ضامن ثابت ہوں گے پنجاب حکومت نے 16ارب روپے کے تاریخی پیکیج کے ذریعے متاثرین کی بحالی کومہینوں کی بجائے دنوں میں یقینی بنایاہے انتہائی قلیل مد ت میں سیلاب متاثرین کو مالی امداد فراہم کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے،عالمی ادار وں نے بھی فول پروف نظام کو سراہاہے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب,

جمعہ 21 نومبر 2014 22:09

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں پنجاب کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سیلاب متاثرین کودوسرے مرحلے میں مالی امداد کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا-اجلاس میں لوکل گورنمنٹ کی کمرشل پراپرٹیز/شاپس کی لیزمیں توسیع کی پالیسی کی اصولی منظوری جبکہپنجاب کریمنل پراسیکوشن سروس ایکٹ2006ء اورپی ایچ اے ایکٹ 2012ء میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔

لیبر پالیسی 2014ء اورپنجاب سینی ٹیشن پالیسی کی متعلقہ کابینہ کمیٹیوں کے جائزے کے بعد آئندہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کی جائیں گی-کابینہ کے اجلاس میں چنیوٹ میں معدنی ذخائر کی تلاش کے منصوبے میں پیش رفت کے بارے میں ابتدائی خوشخبری پر اظہار اطمینان اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کی متحرک قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور انہیں مبارکباد دی گئی-اجلاس میں سیلاب متاثرین کی بھرپور مددکرنے پر پنجاب حکومت ، صوبائی وزراء،اراکین ا سمبلی، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز ، متعلقہ اداروں کے سربراہان ، ضلعی انتظامیہ اور پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور اس حوالے سے متفقہ قرارداد منظور کی گئی ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ چنیوٹ میں معدنی ذخائر کی تلاش کے منصوبے میں پیشترفت کے بارے میں ابتدائی خوشخبری ملی ہے اور چینی کمپنی نے ڈرلنگ کے ذریعے حاصل ہونے والے قدرتی ذخائر کے نمونوں کو حوصلہ افزاء قرار دیا ہے - بلاشبہ معدنی ذخائر کی تلاش میں یہ پیشرفت قوم کے لئے ابتدائی خوشخبری ہے-انہوں نے کہاکہ زمین میں چھپے معدنی خزانے ہمارے لئے تیل یا گیس سے کم نہیں اورانشاء الله زمین میں چھپے یہ خزانے ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کے ضامن ثابت ہوں گے - انہوں نے کہاکہ دور آمریت میں چنیوٹ کے معدنی ذخائر کے حوالے سے بدترین مجرمانہ غفلت کا مظاہر ہ کیا گیااور صرف من پسند افراد کو نوازنے کی پالیسی نے قومی اہمیت کے اہم منصوبے کو تاخیر کا شکار کیا - انہوں نے کہاکہ کتنے دکھ او رافسوس کی بات ہے کہ ہماری زمین میں قیمتی خزانے چھپے ہوئے ہوں اور ان کی تلاش اور استعمال میں لانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنے کی بجائے کشکول گدائی اٹھائے مارے مارے پھر رہے ہوں-وزیراعلی نے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی معدنی ذخائر کی تلاش کے حوالے سے تمام حقائق سامنے لائے گی اور اس کمیٹی میں صوبائی وزراء کے علاہ سرکاری حکام اور اس شعبے کے ماہرین بھی شامل ہوں گے او رآئندہ کے لئے اس ضمن میں آگے بڑھنے کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرے گی-سیلاب زدگان کو مالی امداد کی فراہمی کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ اب تک پونے 3 لا کھ سیلاب متاثرین کو دوسرے مرحلے میں پونے 10ارب روپے کی مالی امداد ادا کی جا چکی ہے اور مالی ا مداد کا دوسرا مرحلہ آئندہ چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے 16ارب روپے کے تاریخی پیکیج کے ذریعے متاثرین کی بحالی اور آباد کاری کومہینوں کی بجائے دنوں میں یقینی بنایاہے-پنجاب حکومت نے انتہائی قلیل مد ت میں سیلاب متاثرین کو مالی امداد فراہم کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے اور سیلاب متاثرین میں مالی امداد کی تقسیم کے نظام کو عالمی ادار وں نے بھی فول پروف اور انتہائی شفاف قرار دیا ہے -انہوں نے کہاکہ وسائل قوم کی امانت ہیں اور ان میں کسی بھی قسم کی خورد برد امانت میں خیانت ہوگی -سیلاب متاثرین کی مالی امداد کی تقسیم میں کسی قسم کی نا انصافی یا زیادتی کسی صورت برداشت نہیں ، حقداروں کو ان کا حق پہنچارہے ہیں-وزیراعلیٰ نے لوکل گورنمنٹ کی پٹہ داری پالیسی میں توسیع کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کابینہ کمیٹی اس پالیسی کا جائزہ لے کر اسے جلد حتمی شکل دے قبل ازیں سینئر ممبر بورڈ اف ریونیو اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے سیلاب متاثرین کو خادم پنجاب امدادی پیلیج کے تحت دوسرے مرحلے میں مالی امداد کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی-سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے پٹہ داری پالیسی میں توسیع ، سیکرٹری پراسیکوشن نے پنجاب کریمنل پراسیکوشن سروس ایکٹ2006ء اورسیکرٹری ہاؤسنگ نے پی ایچ اے ایکٹ 2012ء کی ترامیمی بلوں کے خدوخال پر روشنی ڈالی -اجلاس میں صوبائی وزراء ،مشیران،معاون خصوصی،چیف سیکرٹری،متعلقہ سیکرٹریز اوراعلی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ و ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کی ہمیشرہ کے انتقال پر مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔