Live Updates

عمران خان دھونس اور دھمکی کی بجائے سیاسی رویہ اپنائیں، پاکستان کے عوام جان چکے ہیں کہ ان کا مقصد اقتدار کے حصول کے علاوہ کچھ نہیں۔سینیٹر مشاہداللہ خان،

عمران خان بتائیں کہ کیا انہوں نے اپنی جماعت میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر دئیے؟ سیکرٹری اطلاعات ن لیگ

جمعہ 21 نومبر 2014 21:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان دھونس اور دھمکی کی بجائے سیاسی رویہ اپنائیں، پاکستان کے عوام جان چکے ہیں کہ ان کا مقصد اقتدار کے حصول کے علاوہ کچھ نہیں۔ا نھوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے والے خیبر پختونخواہ میں کارکردگی کے سوال پر تاویلیں پیش کرنے لگتے ہیں۔

سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا کہ 30 نومبر کو عمران خان کس بات پر احتجاج کریں گے جبکہ وہ خود مانتے ہیں کہ آدھے مطالبے کے علاوہ سارے مطالبات مانے جا چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان نے خیبر پختونخواہ میں اقربا پروری کا سدباب نہیں کیا جبکہ وہ صرف منتخب لوگوں کو ہدف تنقید بناتے ہیں۔ مشاہداللہ خان نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ کیا انہوں نے اپنی جماعت میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر دئیے؟ انھوں نے کہا کہ ایک سیاستدان کو کسی اخبار نویس یا اخبار کے مالک کے ساتھ بغض اور دشمنی زیب نہیں دیتی۔

(جاری ہے)

مشاہداللہ خان نے کہا کہ عمران خان کونسا حق مانگتے ہیں؟ حکومت کرنا تو صرف اس کا حق ہے جسے عوام ووٹ دیں۔انھوں نے کہا کہ لگتا ہے عمران خان عوام کو دھمکیاں لگا رہے ہیں کہ انہیں حکومت میں نہ لایا گیا تو وہ کوئی حکومت نہیں چلنے دیں گے۔مشاہداللہ خان نے کہا کہ تبدیلی کے علمبردار روایتی وڈیروں اور جعلی پیروں اور عاملوں کو اپنے ساتھ ملاتے جا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ عمران خان اللہ کو گواہ بنا کر اور سچ بولنے کا وعدہ کر کے جھوٹ بولنے والے عمران خان ذہنی تناوٴ اور ڈپریشن کے مریض بن چکے ہیں۔ مشاہداللہ خان نے کہا کہ جھوٹ بول کر عوام کا اعتماد نہیں حاصل ہو سکتا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات