کوئٹہ،وزیر اعلیٰ بلوچستان کا تمام طلباء کو داخلے کی فراہمی،پی ایچ ڈی اور ایم فل کرنے والوں میں ایک ہزار لیپ ٹا پ تقسیم کرنے کا اعلان

جمعہ 21 نومبر 2014 21:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان یونیورسٹی میں داخلے کیلئے آنے والے تمام طلباء کو داخلے کی فراہمی اور پی ایچ ڈی اور ایم فل کرنے والوں میں ایک ہزار لیپ ٹا پ تقسیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وسائل یا یونیورسٹی میں نشستوں کی کمی کے باعث کوئی بھی طالبعلم تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی کے گیارویں کانووکیشن کے موقع پر اعلان کردہ لیپ ٹاپ اور ایک ایک لاکھ روپے کے چیک طلباء میں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کی نامور یونیورسٹیوں میں جامعہ بلوچستان کا گیارویں سے ساتویں درجے پر آنا انتہائی خوش آئند اور باعث اطمینان ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کی بہتری کے لیے وسائل کی کمی کو کسی صورت آڑے آنے نہیں دیا جائیگا، جامعہ بلوچستان میں داخلے کے خواہش مند تمام طلباء کو داخلے فراہم کئے جائیں گے تاکہ کوئی بھی طالب علم نشستوں کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے، وزیراعلیٰ نے طلباء تنظیموں کی جانب سے بلوچستان یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے کئے گئے تعاون اور کردار کی تعریف کی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی تعلیمی پسماندگی کا داغ ہمیں مٹانا ہوگا، ہمیں جہالت سے نفرت کرنا چاہیے، انسانی وسائل کی ترقی سے ہم ملک اور دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں، وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم سے لیپ ٹاپ نہ ملنے والے بلوچستان کے ایک ہزار پی ایچ ڈی اور ایم فل کرنے والوں کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا اعلان کیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی میں داخلے کے خواہش مند طلباء کے داخلے کے لیے اضافی وسائل حکومت بلوچستان برداشت کریگی، واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان یونیورسٹی کے گیارویں کانووکیشن کے موقع پر 370پوسٹ گریجویٹس کے لیے لیپ ٹاپ، 67گولڈ میڈلسٹ اور 24پی ایچ ڈی طلباء کے ایک ایک لاکھ روپے، بلوچستان یونیورسٹی کو ریسرچ کی مد میں ایک کروڑروپے جبکہ یونیورسٹی کی ڈیجیٹل لائبریری کے لیے 100ڈسک ٹاپ دینے کا اعلان کیا تھا، اس موقع پر تقریب سے صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے بھی خطاب کیا۔