وزیراعلیٰ سے معروف ترک کمپنی اینٹا کے صدر کی ملاقات،کمپنی کاصاف پانی کی فراہمی کے منصوبے لگانے میں دلچسپی کا اظہار،

ترک کمپنی کے تعاون سے پنجاب میں 5 واٹر فلٹریشن پلانٹس کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا :شہبازشریف

جمعہ 21 نومبر 2014 21:36

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ترکی کی معروف کمپنی اینٹا(ENTA) کے صدراوزی سیزر (Mr. Uzi Sezer) نے ملاقات کی۔ ترک کمپنی کی جانب سے پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہے۔

ترک کمپنی کی جانب سے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے میں تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ترک کمپنی کے تعاون سے پنجاب میں 5 واٹر فلٹریشن پلانٹس کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا اور اس پائلٹ پراجیکٹ کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب پائلٹ پراجیکٹ کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹس اپنے وسائل سے لگائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پائلٹ پراجیکٹ کو مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے ۔

ترک کمپنی کے صدر اوزی سیزر نے کہا کہ ان کی کمپنی پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے لگانے میں دلچسپی رکھتی ہے اور ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ 15 سے 20 دیہات کو پینے کے صاف پانی کی ضروریات کو پورا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کو وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق جلد سے جلد مکمل کریں گے۔ایم این اے حمزہ شہباز، صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، چیئر پرسن صاف پانی کمپنی ایم پی اے عائشہ غوث پاشا،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری ہاؤسنگ، چیف ایگزیکٹو آفیسر صاف پانی پراجیکٹ ، ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔

متعلقہ عنوان :