Live Updates

عمران خان کا لاڑکانہ میں کیا جانے والا جلسہ مکمل طور پر ناکام ہو گیا، شرجیل انعام میمن،

جلسہ میں شریک عوام کی مایوسیوں کو خود عمران خان نے جلسہ گاہ میں آتے ہی بھانپ لیا تھا

جمعہ 21 نومبر 2014 21:23

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اور سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا لاڑکانہ کے دیہات میں کیا جانے والا جلسہ مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ہے۔ یہ جلسہ نہیں بلکہ کارنر مٹینگ تھی، جو وہ روزانہ اسلام آباد کی ڈی چوک میں کرتے آرہے ہیں۔

جلسہ میں شریک عوام کی مایوسیوں کو خود عمران خان نے جلسہ گاہ میں آتے ہی بھانپ لیا تھا۔ پیپلز پارٹی کے خلاف جھوٹ اور پروپگنڈے سے بھری تقریر بھی عمران خان کو سندھ کے عوام کے دلوں میں محبت پیدا نہیں کروائے گی۔ پیپلز پارٹی نے سندھ کے 2 لاکھ سے زائد نواجوانوں کا مفت روزگار میرٹ کی بنیاد پر فراہم کیا ہے اور تھرپارکرمیں جس تیزی سے کام پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں شروع ہوا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

اگر پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کی خدمت نہ کرتی اور یہاں ترقیاتی کام نہ کئے ہوتے تو 2013 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی سندھ بھر سے کلین سوئپ نہ کرتی۔ شہید صحافیوں کی بات کرنے والے عمران خان کو شاید نہیں معلوم کہ وہ آج جس وڈیرے کے مہمان تھے وہ شہید منیر سانگھی نامی صحافی کے قتل میں ملوث ہیں اور ان کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ جمعہ کو عمران خان کے خطاب کے بعد اپنے جاری بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر اپنے منشور سے یو ٹرن لے کر سندھ کے عوام کو بیوقوف بنانے کی جو کوشش عمران خان نے کی اس کو سندھ کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص خود اپنے منشور سے ہی یوٹرن لے اور جو شخص وی آئی پی کلچر کے خلاف بات تو کرے لیکن خود وی وی آئی پی پروٹوکول کا متلاشی ہو اس کی حقیقت کو سمجھنے میں عوام کو کوئی دیر نہیں لگے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے آج کے خطاب میں کوئی نئی بات نہیں تھی اور زبردستی لائے گئے عوام میں کسی قسم کے جوش کا نہ ہونا اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ عمران خان کو سندھ کے عوام نے 2013 میں جس طرح اس صوبے سے آؤٹ کرکے بھیجا تھا آئندہ بھی انہیں اس صوبے کی وکٹ پر کسی قسم کی جھوٹ اور پروپگنڈے پر مبنی سیاست کرنے نہیں دیں گے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ آج کے جھوٹ پر مبنی عمران خان کے خطاب سے ان کے سوچ کی عکاسی ہوگئی ہے اور اگر وہ جس طرح کے الزامات لگا رہے ہیں تو ان کے شواہد بھی عوام کے سامنے لاتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی جاگیردار اور وڈیرے کے پاس جلسہ کرکے اپنے آپ کو چیمئین تصور نہ کریں۔ ماضی میں بھی سندھ کے عوام نے انہیں مایوس کیا تھا اور آج کی کارنر مٹینگ نے بھی ان کی حیثیت کو واضح کردیا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :