مسلم لیگ کے زیراہتمام آج جلسہ بہاولپورکالاباغ بناؤ پاکستان بچاؤ تحریک کا آغاز ہوگا ‘ کالا باغ ڈیم ہوتا تو حکومت وینٹی لیٹر پر نہ ہوتی،قرضوں سے سانس بحال رکھنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے،

مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی کابیان

جمعہ 21 نومبر 2014 20:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کے زیر اہتمام آج ( ہفتہ ) جلسہ بہاولپور کالا باغ بناؤ پاکستان بچاؤ تحریک کا آغاز ہوگا ،کالا باغ ڈیم ہوتا تو حکومت وینٹی لیٹر پر نہ ہوتی، قرضوں سے سانس بحال رکھنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے آئی ایم ایف سے قرضوں کے حصول کیلئے آئی انکی شرائط پر پہلے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا اب اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں 23فیصد اضافہ کی منظوری دے کر سارا بوجھ عوام پر منتقل کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے غیر ملکی امداد قبول نہ کرنے او ر کشکول توڑنے کے بلندو بانگ دعوے کیئے لیکن کشکول توڑے کے دعویداروں نے کشکول توڑنے کی بجائے اس کا سائز بڑا کردیا ۔

(جاری ہے)

سید بلال شیراز ی نے کہا کہ حکومت کے قرضوں میں اتنا اضافہ ہوچکا ہے کہ جب ن لیگ نے اقتدار سنبھالا تو ہر شہری 90ہزار 772روپے کا مقروض تھا آج پاکستان کے ذمہ قرضے اتنے بڑھ چکے کہ پاکستان کا ہر شہری ایک لاکھ ایک ہزار 338روپے کا مقروض بن چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم نہ بننے سے سالانہ 180ارب کانقصان ہورہا ہے ۔اربوں روپے کا پانی جو زراعت و بجلی کے لیے استعمال ہوسکتا تھا ضائع ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم رٹ آف گورنمنٹ کا ایشو بھی ہے،ریاست کے چاہنے کے باوجود افراد تعمیر کی راہ میں رکاوٹ کیوں؟انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران اور بجلی گیس کی امتیازی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے گزشتہ 3 سالوں میں پنجاب میں 59فیصد زرعی اور 58 فیصد صنعتی پیداوار کم ہوچکی ہے صنعتوں کی بندش کی وجہ سے بیروزگاری اور خودکشیاں بڑھ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے کالا باغ ڈیم ہی اکسیر نسخہ ہے۔مسلم لیگ کے زیر اہتمام 22نومبر کو کالا باغ ڈیم کی جو تحریک شروع ہوگی مسلم لیگ یوتھ ونگ کے نوجوان اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے ،کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ملک سے توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔