عمرہ زائرین کیلئے فنگر پرنٹ کی شرط واپس نہ لی گئی تو پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کرینگے‘ پاکستان جمہوری اتحاد ،

حکومت کی طرف سے عمرہ زائرین کیلئے فنگر پرنٹ کی شرط کھلی ناانصافی ہے ، اربوں کی کرپشن کی جائیگی‘ محمد جمیل

جمعہ 21 نومبر 2014 20:46

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے عمرہ زائرین کیلئے فنگر پرنٹ کی شرط کھلی ناانصافی ہے جس سے اربوں کی کرپشن کی جائیگی، کرپٹ حکمرانوں نے عمرہ زائرین کی جیبوں پرہاتھ صاف کرنے کاراستہ بھی نکال لیا ہے جس کیخلاف ہر سطح پر مزاحمت کرینگے، نجی کمپنی اعتمادکارپوریشن کے ذریعے صرف بیرون ملک ملازمت کیلئے جانیوالے افراد پرفنگر پرنٹ کی شرط عائد تھی مگر دولت جمع کرنے کی ہوس میں مبتلا ہمارے حکمرانوں نے عمرہ زائرین پر بھی فنگر پرنٹ کی شرط عائد کردی ہے جس سے ملک کے لاکھوں زائرین سخت پریشان ہیں اور انہیں وقت کے ضیاع کیساتھ اضافی اخراجات بھی برداشت کرنا پڑینگے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی اس کھلی دھاندلی سے عام طبقہ سے تعلق رکھنے والے ہزاروں زائرین عمرہ کی سعادت سے محروم رہ جائینگے۔

(جاری ہے)

محمد جمیل نے کہا اعتماد کارپوریشن کی جانب سے فنگر پرنٹ کی عام فیس 550روپے جبکہ ارجنٹ فیس فی کس6000مقرر کرنا قابل مذمت ہے،دھاندلی زدہ حکمرانوں کو عمرہ زائرین سے پیسے بٹورنے کے عمل پر شرم آنی چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریول ایجنسیوں نے حکومت کے اس ظالمانہ اقدام کیخلاف احتجاج شروع کردیا ہے اگر فنگر پرنٹ کی شرط واپس نہ لی گئی تو پی جے آئی کے کارکنان پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کرینگے۔