داعش اور طالبان کے پاکستان سمیت جنوبی پنجاب میں سیف ہاؤسز موجود ہیں ، حکومت کا وجود ختم ہو چکا ہے ، چوہدری نثار پہلے طالبان کے ترجمان تھے، اب داعش کے لئے کردار ادا کر یں گے، گو نواز گو کو تحریک جلد منطقی انجام تک پہنچے گی آئندہ سال الیکشن ہونگے ،

سنی اتحاد کونسل کے چےئر مین صاحبزادہ حامد رضا کی صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 21 نومبر 2014 20:39

ملتان ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء ) سنی اتحاد کونسل کے چےئر مین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ داعش اور طالبان کے پاکستان سمیت جنوبی پنجاب میں سیف ہاؤسز موجود ہیں لیکن حکومت کا وجود ختم ہو چکا ہے ، چوہدری نثار پہلے طالبان کے ترجمان تھے اب داعش کے لئے کردار ادا کر یں گے، گو نواز گو کو تحریک جلد منطقی انجام تک پہنچے گی آئندہ سال الیکشن ہونگے ۔

جامع مسجد طوطل پورہ نزد سٹی ریلوے اسٹیشن کے احاطہ میں صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے صاحبزاد ہ حامد رضا نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) دہشت گردوں کی سرپرست، سپورٹر اور فنانسر ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ لاہور ہو یا سانحہ اسلام آباد سکیورٹی اداروں کی موجودگی میں داعش کے حق میں وال چاکنگ ہو رہی ہے اور لوگوں کو دھمکی آمیز کا لیں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ قادری اور عمران اکٹھے ہیں لیکن ہر جماعت کی پالیسی الگ ہی ہوتی ہے کل 22نومبر کو بہاولپور اور 23نومبر کو بھکر کے جلسوں میں بھر پور شرکت کریں گے انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں میں سے کچھ جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں لیکن سنی اتحاد کونسل میں اہل سنت کی تمام جماعتیں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بعد اب گیس کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے صنعتیں بند ہو چکی ہے۔ غریب مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں لیکن اس کی حکومت کو کوئی پر وا ہ نہیں ہے حکومت نام کا کوئی وجود نظر نہیں آتا ہے حکومت کب کی جا چکی ہے مگرحکمرانوں نے ہٹ دھرمی اختیار کر رکھی ہے آج نہیں تو کل حکومت ختم ہو جائے گی شریف برادران نوشتہ دیوار پڑھ لیں ۔