نااہل حکمرانوں کی غلطیوں کابوجھ انہیں لے ڈوبے گا ‘اگرحکمران بھائی اب بھی نہ سنبھلے توپھران کے دوراقتدارکاانجام اٹل ہے،

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما ء محمد اشرف بھٹی کا بیان

جمعہ 21 نومبر 2014 20:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء ) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما ء محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں کی غلطیوں کابوجھ انہیں لے ڈوبے گا۔اگرحکمران بھائی اب بھی نہ سنبھلے توپھران کے دوراقتدارکاانجام اٹل ہے۔پیپلزپارٹی کی توانائیاں جمہوریت کے ساتھ ہیں ،جوحکمران اپنے دشمن آپ ہوں انہیں کوئی نہیں بچاسکتا۔عمران خان سے زیادہ شریف برادران اس اناڑی کوسیاستدان بنانے کیلئے محنت کررہے ہیں۔

وزیراعظم میاں نوازشریف اوروزیراعلیٰ میاں شہبازشریف سمیت حکمرا ن جماعت کے وفاقی وصوبائی وزراء کے بیانات سے عمران خان کو جوشہرت ملی وہ دھرنے سے بھی نہ ملتی۔ وہ قینچی امرسدھومیں ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ شریف برادران کی سیاسی ناکامی کے نتیجہ میں سونامی نے سراٹھایا اوریہ سونامی تخت لاہور کوبہالے جائے گی ۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی سیاسی طورپرایک چٹان کی مانند ہے اورکسی چٹان کواپنے ساتھ بہالے جاناکسی سونامی کے بس کی بات نہیں۔انہوں نے کہا کہ انصاف تک رسائی ہر مظلوم انسان کابنیادی اورآئینی حق ہے ،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے معاملے میں سیاسی مداخلت اورناانصافی ہرگزبرداشت نہیں کی جائے گی ۔حکومت کو شفاف تحقیقات کیلئے مدعی فریق کے خدشات اور تحفظات دورکرنا ہوں گے ورنہ قانون کی حکمرانی ایک بڑا سوالیہ نشان بن جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اگرحکمرانوں نے عوام کوفوری ریلیف نہ دیا توان کی مایوسی اورمحرومی پرتشدد احتجاج میں بدل سکتی ہے۔