امریکہ نے ڈو مور کا مطالبہ نہیں کیا، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے مفاد میں کر رہا ہے، ملک سے دہشت گردوں کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا چاہتے ہیں، آرمی چیف کے دورہ امریکہ سے فوجی تعلقات میں بہتری آئیگی،دنیا جان گئی کہ ایل او سی پر اشتعال انگیزی کون کر رہا ہے، امریکہ کو آگاہ کیاکہ بھارتی شر انگیزی سے آپریشن متاثر ہو رہا ہے ، اشتعال انگیزی پاکستان کو فائدہ نہیں پہنچا سکتی،کسی خاص گروپ کے خلاف کارروائی نہ کرنے کاتاثر بے بنیاد ہے، ان حالات میں تفریق کرنا نا ممکن ہے،

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 21 نومبر 2014 20:17

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء ) ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہا کہ مریکہ نے ڈو مور کا مطالبہ نہیں کیا، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے مفاد میں کر رہا ہے، ملک سے دہشت گردوں کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا چاہتے ہیں، آرمی چیف کے دورہ امریکہ سے فوجی تعلقات میں بہتری آئیگی،دنیا جان گئی کہ ایل او سی پر اشتعال انگیزی کون کر رہا ہے، امریکہ کو آگاہ کیاکہ بھارتی شر انگیزی سے آپریشن متاثر ہو رہا ہے ، اشتعال انگیزی پاکستان کو فائدہ نہیں پہنچا سکتی،کسی خاص گروپ کے خلاف کارروائی نہ کرنے کاتاثر بے بنیاد ہے، ان حالات میں تفریق کرنا نا ممکن ہے۔

جمعہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف پہلے ہی بہت کچھ کیا اور اپنے مفاد میں کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

شدت پسندگروپوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں کامیابی ہوئی ہے۔ آرمی چیف کے دورے میں امریکا کی جانب سے ڈو مور کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی واشنگٹن میں فوجی اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں ہوئی ہیں جن میں خطے کی صورتحال کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

پاکستان کے بارے میں امریکی حکام کی سوچ میں بہتری آئی ہے۔ میجرجنرل عاصم باجوہ نے کہا کہ فوجی حکام کے ساتھ بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزیوں سمیت سرحدی معاملات بھی زیر غور آئے۔ اس کے علاوہ افغانستان کے حوالے سے بھی مثبت سوچ بھی پائی جا رہی ہے۔ پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ جنرل راحیل شریف ،امریکی آرمی چیف کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں جس کے دوران سیاسی قیادت کو بھی مختلف معاملات پر پاکستانی موقف کو بہتر طریقے سے سمجھنے کا موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا جان گئی ہے کہ لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کون کر رہا ہے، ہم نے امریکہ کو آگاہ کیا ہے کہ بھارتی شر انگیزی سے آپریشن متاثر ہو رہا ہے،یہ پاکستان کو فائدہ نہیں پہنچا سکتی، اس لئے یہ پاکستان کیوں کرے گا،کسی خاص گروپ کے خلاف کارروائی نہ کرنے کاتاثر بے بنیاد ہے، آپریشن ضرب عضب کے 150 دن پورے ہو گئے ، دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق و بلا امتیاز آپریشن ہو رہا ہے، ان حالات میں تفریق کرنا نا ممکن ہے۔