ملک کی معاشی ترقی کا براہ راست تعلق سیاسی استحکام سے ہے‘ میاں عرفان دولتانہ ،

عمران خان پاکستان اور چین کے درمیان ہونے والے معاہدوں سے پریشان ہیں ‘ رکن پنجاب اسمبلی

جمعہ 21 نومبر 2014 20:16

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ رو عمران خان رو کے نعرے پورے ملک میں لگ رہے ہیں،تحریک انصا ف کے کارکنان ہر جگہ اپنی قیادت کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں، عمران خان پاکستان اور چین کے درمیان ہونے والے معاہدوں سے پریشان ہیں ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چین کے ساتھ ہونے والے اربوں ڈالر کے منصوبوں میں ایک پائی بھی قرضہ نہیں بلکہ تمام سرمایہ کاری ہے اور چین نے پاکستان کا ایک بار پھر ہاتھ تھام کر عظیم دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کا براہ راست تعلق سیاسی استحکام سے ہے۔ بعض رکاوٹوں کے باوجود حکومت نے معیشت کو صحیح سمت پر ڈال دیا ہے اور معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ پنجاب میں حالیہ سیلاب کے باعث بے پناہ تباہی ہوئی تاہم پنجاب حکومت نے متعلقہ اداروں کے تعاون سے سیلاب متاثرین کے لئے تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو اور ریلیف آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔ سیلاب زدگان کے نقصانات کے ازالہ کیلئے 16 ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا ہے اور اربوں روپے انتہائی شفاف طریقے سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کئے گئے ہیں اور دوسرے مرحلے میں مالی امداد کا عمل آئندہ چند روز میں مکمل ہو جائے گا۔