جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں شرکت کیلئے پاسبان کا اعلی سطحی وفد مینار پاکستان، لاہور پہنچ گیا

جمعہ 21 نومبر 2014 20:16

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر معراج الہدیٰ صدیقی کی دعوت پر پاسبان پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر طارق جمیل کی قیادت میں جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں شرکت کیلئے مینار پاکستان، لاہور پہنچ گیا جس میں مرکزی نائب صدر اعظم منہاس ،مرکزی جوائنٹ سیکریٹری سرفراز اولکھ ، صدر پاسبان پنجاب طارق ریحان و دیگر ذمہ داران اور بڑی تعداد میں پاسبان کے کارکنان بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طار ق جمیل نے کہا کہ نظریہ پاکستان کے فروغ کیلئے پاسبان پاکستان ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ چلنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار عشروں میں کوئی بھی سیاسی حکومت عوام کو گڈگورننس نہ دینے کی وجہ مستحکم نہیں ہوسکی ۔ ماضی اور حال کے حکمران اگر نظریہ پاکستان کے مطابق حکومت کرتے تو ملک کو نہ صرف بڑے بڑے سانحات سے بچایا جاسکتا تھا بلکہ ترقی کی شاہراہ پر گامزن بھی کیا جاسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ساٹھ کی دہائی میں پاکستان جاپان اور جرمنی جیسے ترقی یافتہ ممالک کو قرضہ دینے والے ممالک کی فہرست میں شامل تھا جبکہ آج حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔