حیدرآباد میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹاؤنز کے رہائشیوں کیلئے برساتی پانی کا ذخیرہ کرنے کے لئے چھوٹا ڈیم تعمیر کرنے کی فوری طور پر منصوبہ بندی کی جائے،

پروجیکٹ ڈائریکٹر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹاؤنز عبدالرشید سولنگی کی متعلقہ حکام کو ہدایت

جمعہ 21 نومبر 2014 20:06

حیدرآباد ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء ) پروجیکٹ ڈائریکٹر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹاؤنز عبدالرشید سولنگی نے ہدایت کی ہے کہ حیدرآباد میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹاؤنز کے رہائشیوں کے لئے برساتی پانی کا ذخیرہ کرنے کے لئے چھوٹا ڈیم تعمیر کرنے کی فوری طور پر منصوبہ بندی کی جائے‘ انہوں نے جمعہ کے روز انجینئرز اور دیگر افسران کے ہمراہ تجویز کردہ چھوٹا ڈیم بنانے کی جگہ کا بھی معائنہ کیا‘ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے دیگر عوام کی بھلائی کے منصوبوں میں سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹاؤنز کی اسکیم ایک مثالی منصوبہ ہے‘ عبدالرشید سولنگی نے مزید کہا کہ سید قائم علی شاہ کی خصوصی ہدایت ہے کہ عوام کو بہتر رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے‘پروجیکٹ ڈائریکٹر نے جامشورو ، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، سجاول اور مکلی میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹاؤنز میں ترقیاتی کاموں کا تفصیلی دورہ کیا اور ہدایت دی کہ صوبہ سندھ کے 23 اضلاع میں قائم ہونے والے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹاؤنز کے ترقیاتی کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ 22500 مزید پلاٹوں کی قرعہ اندازی جلد کر کے غریب سے غریب تر لوگوں کو مفت فراہم کئے جائیں اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے خواب کی تعبیر کے مطابق غریب اور کم آمدنی والے افراد کو مفت رہائشی سہولتیں فراہم کی جاسکیں‘ واضح رہے کہ چےئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے ہمراہ پہلے مرحلے میں 27500 پلاٹ غریب عوام کو مفت فراہم کرنے کی قرعہ اندازی کر چکے ہیں‘ انجینئرز نے انہیں بتایا کہ جامشورو میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹاؤنز 39 ایکڑ پر محیط ہے جس میں 728 پلاٹ کی قرعہ اندازی کر دی گئی ہے اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نے ہدایت دی کہ جامشورو میں ترقیاتی کاموں کو اگلے 2 ماہ میں مکمل کیا جائے‘ انہوں نے مزید کہا کہ غریب سے غریب تر اور کم آمدنی والے لوگوں کو دئیے جانے والے مفت پلاٹوں میں ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے‘ حیدرآباد میں 308 ایکڑ پر محیط اسکیم میں 4712 پلاٹ فراہم کئے گئے ہیں جس میں 11 بلاک ہیں، اس میں سے 4 بلاک پر ترقیاتی کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ باقی بلاکس پر تریاتی کام جاری ہے‘ عبدالرشید سولنگی نے کہا کہ پانی کا ذخیرہ کرنے کے لئے چھوٹے ڈیم کی تعمیر کے لئے جلد منصوبہ بندی مکمل کی جائے تاکہ آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر آسکے‘ ٹنڈو محمد خان میں 19 ایکڑ پر محیط ٹاؤن میں 337 پلاٹ فراہم کئے گئے ہیں جبکہ سجاول میں 10 ایکڑ پر محیط 175 پلاٹ اور مکلی (ٹھٹھہ) میں 40 ایکڑ پر727 پلاٹ قرعہ اندازی کے ذریعے مفت فراہم کئے جا رہے ہیں‘پروجیکٹ ڈائریکٹر کو بتایا گیا کہ منظور شدہ منصوبہ کے تحت صوبہ سندھ کے 23 اضلاع میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ٹاؤنز کے تحت 50000 پلاٹوں کے ترقیاتی کاموں کو 30 جون 2016 تک مکمل کرنے کا پروگرام ہے‘ پروجیکٹ ڈائریکٹر نے انجینئرز اور افسران کو ہدایت دی کہ پورے صوبے میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو معیار کے مطابق تیز کیا جائے تاکہ 31 دسمبر 2015 تک غریبوں کو ترقیاتی کام مکمل کر کے ر ہا ئشی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :