عدالت نے پرویز مشرف کے تمام فیصلوں میں اس وقت کی کابینہ اور دیگر اہم ذمہ داران کو شریک قرار دیکر ہمارے موقف کی تائید کر دی ہے، فیصلے سے پرویز مشر ف کو ذاتی انتقام کا نشانہ بنانے والوں کو مایوسی ہوگی، ڈاکٹر محمد امجد

جمعہ 21 نومبر 2014 19:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء ) عدالت نے پرویز مشرف کے تمام فیصلوں میں اس وقت کی کابینہ اور دیگر اہم ذمہ داران کو شریک قرار دیکر ہمارے موقف کی تائید کر دی ہے اس فیصلے سے پرویز مشر ف کو ذاتی انتقام کا نشانہ بنانے والوں کو مایوسی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل آل پاکستان مسلم لیگ ڈاکٹر محمد امجد نے پرویز مشرف کے عدالتی فیصلہ آنے کے بعد سینٹرل سیکرٹیریٹ اسلام آباد میں جمع ہونے والے پارٹی ورکروں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا شروع سے ہی موقف تھا کہ صرف پرویز مشرف کو ذاتی انتقام کا نشانہ بنانے اور سیاست سے باہر رکھنے کے لیے نواز شریف حکومت نے مقدمات بنائے ہیں جبکہ جس وقت ایمرجنسی نافذ کی گئی اس وقت ایک منتخب حکومت اور پارلیمنٹ موجود تھی اور قومی مفاد کے تمام فیصلے اجتماعی مشاورت کے بعد کیے جاتے تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد امجد نے مزید کہا کہ حکومت کی منافقت ہے کہ پرویز مشرف دور کے آرڈیننس کے خالق اور وزیر قانون زاہد حامد کو تو آج گلے لگایا ہوا ہے جبکہ سابق صدر کو سیاست سے روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے آزمائے جا رہے ہیں۔

انشاء اللہ جلد ہی پرویز مشرف عدالتوں سے بھی سرخرو ہونگے اور موجودہ حکمرانوں کو سیاست میں بھی شکست دیں گے۔ پرویز مشرف کا مقدمہ جوں جوں آگے بڑھے گا یہ حکمرانوں کے گلے کا پھندا بنتا جائیگا کیونکہ آج کے فیصلے سے جو پنڈورا باکس کھلے گا اسکے اثرات قومی منظر نامے پر مرتب ہونگے۔ڈاکٹر امجد نے وفاقی وزیر زاہد حامد کے استعفٰے کو موجودہ حکمرانوں کے زوال کا پہلا زینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے جو کنواں پرویز مشرف کے لیے کھودا تھا اس میں خود ہی گرنے والے ہیں۔

ڈاکٹر امجد نے مزید کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف بھی قتل کے سنگین مقدمات میں نامزد ہیں، ان کے لیے بہتر ہے کہ مستعفی ہو کر عدالتوں میں پیش ہوں ورنہ آزاد عدلیہ انکو انجام تک ضرور پہنچائے گی۔ اب جو لوگ عدالت نے اس کیس میں طلب کیے ہیں وہ بیرون ملک ہیں او ر حکومت انکو کیسے واپس بلا کر ان سارے لوگوں کو کیس میں شامل کرے گی ، حکومت کے لیے یہ ممکن ہی نہیں کہ وہ اب اس پنڈورا باکس کو بند کرنے میں کامیاب ہو ۔ اسطرح یہ کیس اب ممکن دکھائی نہیں دیتا

متعلقہ عنوان :