غداری کیس میں نامزد ہونے پر وفاقی وزیر زاہد حامد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا

جمعہ 21 نومبر 2014 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کے مقدمے میں نامزد ہونے کے بعد وفاقی وزیر زاہد حامد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے جبکہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ابھی وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی زاہد حامد کا استعفیٰ قبول نہیں کیا۔جمعہ کو سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں عدالت کی جانب سے شریک ملزم ٹھہرائے جانے کے فیصلے پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد زاہد حامد نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم نواز شریف کو ارسال کردیا ۔ اس موقع پر زاہد حامد نے کہاکہ میں پہلے بھی وزیر نہیں بننا چاہتا تھا تاہم دوستوں کے کہنے پر ذمہ داری سنبھالی اب مجھے عدالت نے ملزم ٹھہرایا ہے اس لئے مزید کام نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیر خزانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ غداری کیس سے متعلق خصوصی عدالت کا فیصلہ متفقہ نہیں بلکہ اکثریتی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت فیصلے کے تفصیلی مطالعے اور قانونی مشاورت کے بعد اپنا موقف دے گی۔مسلم لیگ (ن )کے اقتدار میں آنے پر زاہد حامد کو قانون و انصاف اور حقوقِ انسانی کا قلمدان سونپا گیا تھا تاہم بعد میں ان کی وزارتِ تبدیل کر دی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :