Live Updates

سندھی عوام کے فیصلے تک کالاباغ ڈیم نہیں بنے گا، 2015ءانتخابات کا سال ہے، ظالم نظام کا خاتمہ کریں گے: عمران خان

جمعہ 21 نومبر 2014 17:43

سندھی عوام کے فیصلے تک کالاباغ ڈیم نہیں بنے گا، 2015ءانتخابات کا سال ..

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگلا سال انتخابات کا سال ہے، سندھ کے لوگوں کے فیصلہ کرنے تک کالاباغ ڈیم نہیں بننے دیں گے، وعدہ کرتا ہوں کہ سندھ کی تقسیم نہیں ہو گی، ہماری جدوجہد ظالم نظام کے خلاف ہے، ایسا نظام لائیں گے جس میں وڈیرہ اور ہاری برابر ہوں گے، 30 نومبر کیلئے سندھ کے عوام تیار ہو جائیں۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شاندار استقبا ل پر لاڑکانہ والوں کا شکریہ ادا کرتاہوں، دھرنا اس لئے دیا کہ 2013ءمیں بدترین دھاندلی ہوئی، ہم اس ظالم نظام کے خلاف 30 نومبر کو جمع ہو رہے ہیں، میں اپنے سندھ کے لوگوں کے پاس آیا ہوں اور ان سے وعدہ کرتا ہوں کہ نہ سندھ کی تقسیم ہو گی اور سندھ کے عوام کے فیصلہ کرنے تک نہ ہی کالاباغ ڈیم بنے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں کہ تحریک انصاف کے ترانے اچھے ہیں اس لئے لوگ جمع ہو جاتے ہیں، ایسا نہیں، لوگ ظالم نظام سے تنگ آ چکے ہیں اور اس سے چھٹکارا حاصل کرناچاہتے ہیں اس لئے عوام تحریک انصاف کا ساتھ دے رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں میرے خلاف قرارداد پیش کی گئی جس پر میں نے شکر ادا کیا کیونکہ اگر میرے تعریف کر دی جاتی تو ایسا لگتا کہ میں کوئی غلط کام کر رہا ہوں ، جب لوگوں کو ان کے حقوق نہیں ملتے تو وہ غلام بن جاتے ہیں،کیا لوگوں کو انصاف ملتاہے؟ ہسپتالوں میں علاج ملتاہے؟ میں سندھ اسمبلی سے پوچھنا چاہتاہوں کہ حقوق کے بغیر شہری بنتے ہیں یا غلام بنتے ہیں؟ یہاں پیپلز پارٹی 6باریاں لے چکی ہیں اگر 6 باریوں میں حالات بہتر نہیں ہوئے تو کیا اب بہتر ہو جائیں گے؟ زرداری خاندا ن کے سب لوگ سیٹوں پر بیٹھے ہیں کیا جمہوریت اجازت دیتی ہے کہ اپنے بچوں کو اپنی سیٹ پر بٹھا دو؟ کیاجمہوریت اجازت دیتی ہے جکہ عمران خان اپنے بچے کو اپنی سیٹ پربٹھا دے ؟ انہوں نے کہا کہ ایک خوشحال معاشرے کیلئے شفاف اداروں کی ضرورت ہے لیکن یہاں پولیس سیاسی مداخلت کی وجہ سے کام نہیں کر رہی، یہاں تو ڈاکو بھی احتجاج کرنا شروع ہو گئے ہیں کیونکہ پولیس ان سے بھی پیسے طلب کر رہی تھی، جب پولیس کا یہ حال کر دیا جائے تو وہ کیسے آپکی حفاظت کرے گی ،میں دعویٰ کرتاہوں کہ خیبر پختونخواہ میں ایک جھوٹی ایف آئی ار کٹواکر دکھادو، تحریک انصاف سندھ میں ایسا نظام لے کر آئے گی جو سب کی حفاظت کرے گا، ہم بلدیاتی نظام لا کر سکولوں کو ٹھیک کریں گے جو بچے تعلیم حاصل نہیں کر رہے انہیں سکول بھیجیں گے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتا ل میں میرٹ ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں، اس کا چیئرمین ہوں لیکن کسی کی سفارش نہیں کر سکتا اور شوکت خانم کی کامیابی کا راز بھی یہی ہے، بار بار باریاں لینے والوں نے پاکستان میں بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کروائے؟ این ایف سی ایوارڈ میں 500 ارب سندھ کو ملے لیکن سندھی کی عوام کو کیا ملا؟ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والی سیاست نے اب تک ملک کو تقسیم ہی کیا ہے جبکہ یہ نظام اس وقت تک درست نہیں ہو سکتا جب تک میرٹ کا بول بالا نہیں ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ سندھی عوام نہیں جانتے کہ وہ کالے سونے پر بیٹھے ہیں، 80 لاکھ ٹن کوئلہ کے ذخائر موجود ہیں لیکن اسے نکالنے والا کوئی نہیں، یہ کوئلہ نکال لیا جائے تو پاکستان کیساتھ ساتھ سندھ بھی خوشحال ہو جائے گا۔ تحریک انصاف اپنے دور حکومت میں پولیس اور عدلیہ سمیت تمام اداروں کے نظام کو ٹھیک کرے گی اور اختیارات گاﺅں تک منتقل کریں گے ۔

انہوں نے سندھ کے عوام سے وعدہ کیا کہ وہ کبھی جھوٹ نہیں بولیں گے اور سندھ کو کسی صورت تقسیم نہیں ہونے دیں گے، سندھ کے اندر ایسا نظام لے کر آئیں گے کہ کمزور سے کمزور انسان وڈیروں سے قانون کے ذریعے مقابلہ کر سکیں گے۔
عمران خان نے جیو اور جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ وہ فرعون اور ڈان ہے، میر شکیل الرحمان اپنے اداروں میں کام کرنے والے افراد کو تنخواہیں دیے اور ان کا جائز حق انہیں دے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :