اتحادیوں سے مل بیٹھ کر ان کے تحفظات کو دور کرینگے، مجھے ایوان کا اعتماد حاصل ہے ، عبدالمالک بلوچ

جمعہ 21 نومبر 2014 17:00

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ اتحادیوں سے مل بیٹھ کر ان کے تحفظات کو دور کرینگے، مجھے ایوان کا اعتماد حاصل ہے ، سیاسی کارکن ہوں جس دن محسوس کرونگا کہ مجھ کو ایوان میں اکثریت حاصل نہیں وہی فیصلہ کروں گا جو میری تاریخ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی کے طلباء میں لیپ ٹاپ اور نقد انعامات کی تقسیم کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیر اعلیٰ نے صحافیوں کے مختلف سوالات کے جوابات میں کہا کہ خان آف قلات میر سلمان داؤد خان اور پشتونخوامیپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی لندن میں ملاقات انتہائی خوش آئند ہے، دو بڑوں کی ملاقات یقینا نیک شگون ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کی تمام تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرینگے، وسائل کا ایک ایک پیسہ اپنے بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کرینگے ، امن و امان سے متعلق انہوں نے کہا کہ صوبے میں اگر صورت مثالی نہیں تو بہتر ضرور ہے، کوئٹہ پنجگور اور کیچ میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، بلوچستان اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے سے متعلق ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ یہ آئین کے دائرے اور اراکین کا حق ہے، اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے ملک سے باہر جانے اور ڈپٹی اسپیکر کے قائمقام اسپیکر بننے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسپیکر کی عدم موجودگی میں ڈپٹی اسپیکر ہی اجلاس کی صدارت کرینگے اور یقینا وہ اجلاس کو قواعد و ضوابط کے مطابق ہی چلائیں گے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مخلوط صوبائی حکومت میں مشکلات ہوتی ہیں لیکن ہم سیاسی لوگ ہیں ، معاملات کو مل بیٹھ کر درست اور دوستوں کے تحفظات کو دور کرینگے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے ایوان کی حمایت حاصل ہے، اس ضمن میں اخباری بیان کی نہ تو کوئی اہمیت ہے نہ اس پر یقین رکھتا ہوں۔

(جاری ہے)