ہماری سیاست عوامی خدمت سے عبارت ہے ،عبدالحکیم بلوچ

عوامی خدمت کا جذبہ لیکر سیاست کے دشت میں قدم رکھا ہے،وفاقی وزیر مملکت برائے مواصلات

جمعہ 21 نومبر 2014 16:23

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) وزیر مملکت مواصلات عبدالحکیم بلوچ نے کہا ہے کہ علاقے کے عوام کا دُکھ سکھ اُن کا اپنا ہے کیونکہ عوام اور اُن کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے ہماری سیاست عوامی خدمت سے عبارت ہے ۔اور یہ عبارت ہم تا دم زیست کرتے رہینگے، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اپنے حلقہ نیابت اولڈ ملیر ، گڈاپ ٹاؤن میں واقع التبری میڈیکل کالج و ہسپتال کے دورہ کے دوران اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وزیرمملکت نے یہاں داخل مریضوں کی فرداََفرداََ عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے بہتر علاج و معالجہ کے ساتھ ساتھ ان کی نگہداشت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں اس موقع پر مذکورہ کالج و ہسپتال کے منتظمین کی طرف سے وزیر مملکت کو مفصل بریفنگ بھی دی گئی ، وزیر مملکت عبد الحکیم بلوچ نے کالج و ہسپتال کے تمام شعبہ جات میں گہری دلچسپی لی اور کالج و ہسپتال کے نظم و نسق اور جُملہ انتظامات کی تعریف کی ، عبد الحکیم بلوچ نے کہا کہ جسطرح ایک ڈاکٹر بیمار جسم کے لئے مسیحا کا درجہ رکھتا ہے اسی طرح ایک محب وطن اور درد مند سیاستدان کا ہاتھ پوری قوم کی نبض پر ہوتا ہے ، ہم نے عوامی خدمت کا جذبہ لیکر سیاست کے دشت میں قدم رکھا ہے ، انشاء اللہ عوامی الجھنوں کو سلجھانے کی حتٰی المقدور کوشش کریں گے، علاقہ کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے ، مواصلات کے شعبہ میں انقلابی اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں ، جن کے دور رس نتائج برآمد ہونگے ، ملک ترقی و خوشحالی سے ہمکنار ہوگا اور ہم اپنی آئندہ نسلوں کو ایک روشن اور درخشاں پاکستان دینے میں ضرور کامیاب ہونگے ۔

(جاری ہے)