لاڑکانہ ،تحریک انصاف کے جلسے کے پنڈال کے باہر جلسہ شروع ہونے سے قبل ہی اشیاء خوردنوش سمیت دیگر دلچسپی کی چیزوں کا بازار سج گیا، بازار میں مختلف قسم کے اسٹالز لگائے گئے ، خریدو فروخت عروج پر رہی

جمعہ 21 نومبر 2014 16:13

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) لاڑکانہ میں تحریک انصاف کے جلسے کے پنڈال کے باہر جلسہ شروع ہونے سے قبل ہی اشیاء خوردنوش سمیت دیگر دلچسپی کی چیزوں کا بازار سج گیا، بازار میں مختلف قسم کے اسٹالز لگائے گئے جہاں سارا دن خریدو فروخت عروج پر رہی، دکانداروں کے مطابق ہم نے آج ایک دن میں اتنا کمایا جتنا ہم پورے مہینے میں نہیں کما پاتے تھے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی آٓ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو لاڑکانہ میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں گزشتہ روایات کے مطابق جلسہ شروع ہونے سے قبل ہی پنڈال کے باہر عارضی بازار سج گیا۔ بازار میں مختلف اسٹالز لگائے گئے جن پر مختلف دلچسپی کی چیزوں کے علاوہ جلسے میں شرکت کرنے والے کارکنوں کو ابلے انڈے، چنے، گنڈیریاں سمیت مختلف قسم کی اشیاء فروخت کی گئیں، تحریک انصاف کے سابقہ جلسوں کی طرح سندھ میں قدم رکھتے ہی لاڑکانہ کے چھوٹے دکانداروں کی چاندی ہو گئی، لگائے گئیاسٹالز پر سارا دن خریدو فروخت عروج پر رہی جس پر دکانداروں نے کہا کے ہماری کپتان کے لئے دعا ہے کہ اس کی تحریک کامیابی سے ہمکنار ہو، ہم چاہتے ہیں کہ کپتان روز لاڑکانہ میں جلسہ کرے، سندھ کی عوام عمران خان کے ساتھ ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں، ہم نے آج ایک دن میں اتنا کمایا جتنا ہم پورے مہینے میں نہیں کما پاتے تھے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی آ گئی ہے ۔

(جاری ہے)