وزیراعلی پنجاب کے تعلیمی منصوبوں کی دوسرے صوبے بھی تقلید کررہے ہیں،شائستہ پرویز ملک

جمعہ 21 نومبر 2014 16:00

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) ممبرقومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے نئی نسل بالخصوص طالبعلموں کو جدیدعلمی تقاضوں سے روشناس کرانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے ہیں اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے طلبا و طالبات کے لئے لیپ ٹاپ پروگرام ، انڈوومنٹ فنڈ، بیرون ملک تعلیمی دورے، یکساں تعلیمی وظائف اور دانش سکول جیسے منصوبوں نے پنجاب میں تعلیم کے شعبے میں انقلاب برپا کردیا ہے جس کی اب دوسرے صوبے بھی تقلید کررہے ہیں-ان خیالات کا اظہارشائستہ پرویز ملک نے لیپ ٹاپ تقسیم کے تیسرے مرحلے میں گلبرگ کالج برائے خواتین میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا-انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لئے تعلیم لازمی جزو ہے بالخصوص طالبات کا تعلیمی شعبے میں پیش قدمی کرنا ہم سب کے لئے حوصلہ افزاء ہے اسی لئے وزیراعلی پنجاب کی طرف سے طالبات کو بھی لیپ ٹاپ سمیت تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں ترجیح دی جارہی ہے-انہوں نے پنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم انتہائی شفاف انداز میں حکومتی معاملات چلا رہی ہے جس کے باعث غیرملکی ادارے بھی حکومت پنجاب کی ہر طرح کی معاونت کر رہے ہیں-شائستہ پرویز ملک نے آٹھ کالجزکوپرروڈکالج ، سمن آباد کالج، وحدت کالونی کالج، گلبرگ کالج ، ایم اے او کالج، دیال سنگھ کالج ، وحدت روڈ سائنس کالج اور ریلوے روڈ کالج کی طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے-قبل ازیں گلبرگ کالج کی پرنسپل نے مہمان خصوصی ایم این اے شائستہ پرویز ملک کو خوش آمدید کہا ، طالبات نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیاجبکہ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والی طالبات کا خصوصی فوٹوسیشن بھی ہوا- لیپ ٹاپ حاصل کرنے والی طالبات نے پنجاب حکومت کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا-

متعلقہ عنوان :