Live Updates

عمران خان ملک کی سیاسی قیادت کیخلاف گندی اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے سے گریز کریں ‘ماروی میمن

جمعہ 21 نومبر 2014 13:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی چیئرپرسن ماروی میمن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ملک کی سیاسی قیادت کیخلاف گندی اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے سے گریز کریں۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ کوئی اچھا رہنما قومی قیادت کیخلاف توہین آمیز اور غیر مہذب زبان استعمال نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے اور دوسروں پر تنقید جمہوری نظام کا حسن ہے لیکن کوئی معاشرہ کسی جمہوری منتخب شخص کیخلاف قابل اعتراض انداز میں گفتگو کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ تحریک انصاف کے 30 نومبر کے جلسے کے منصوبہ پر تبصرہ کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ حکومت کو کسی پرامن سیاسی اجتماع کے انعقاد پر کوئی اعتراض نہیں تاہم وہ کسی کو وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے کسی بھی غیر قانونی حرکت سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ اور دھرنوں کی وجہ سے قومی معیشت کو بھاری نقصان پہنچا تاہم حکومت نے اس نقصان پر قابو پانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے ہیں اور چین کے ساتھ 19 معاہدوں پر دستخط کئے ہیں جو قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہونگے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :