چیف الیکشن کمشنر کے ممکنہ امیدوار کا نام صیغہ راز میں رکھا جارہا ہے ‘ وزیر اطلاعات پرویز رشید

جمعہ 21 نومبر 2014 13:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کیلئے ممکنہ امیدوار کا نام صیغہ راز میں رکھا جا رہا ہے تاکہ پاکستان تحریک انصاف انصاف(پی ٹی آئی) کی جانب سے ان کی تقرری کے عمل کو ڈی ریل کرنے کے منصوبے کو ناکام بنایا جا سکے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اطلاعات نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا معاملہ عدلیہ کی جانب سے دی گئی 24 نومبر کی ڈیڈ لائن سے قبل متعلقہ کابینہ کمیٹی کو بھیجا جا سکتا ہے تاکہ گزشتہ 16 ماہ سے خالی اس اہم عہدے کو پر کیا جا سکے۔

وزیر اطلاعات پرویز رشید نے پی ٹی آئی سربراہ کی جانب سے سابق چیف جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کا نام مسترد کیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نام کیوں منظر عام پر لائیں؟ جب کبھی بھی ہم کسی ایک نام پر اتفاق رائے کے قریب ہوتے ہیں تو عمران خان اپنے کنٹینر پر کھڑے ہو کر اس شخص میں عیب نکالنے شروع کردیتے ہیں۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ تیسری ڈیڈ لائن کے حوالے سے جب ان سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ حکمران جماعت اور اپوزیشن میں مشاورت کا عمل جاری ہے اور ہم عدالت کے احکامات پر عمل کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر وہ عدالت کی جانب سے دی گئی نئی ڈیڈ لائن تک بھی نام کا فیصلہ نہ کرسکے تو پھر عدالت سے مزید وقت دینے کی درخواست کریں گے اگر عدالت مزید وقت دینے سے انکار کرتی ہے تو ہم وہی کریں گے جو عدالت کہے گیانہوں نے اس عمل میں تاخیر کا ذمے دار بالواسطہ طور پر قائد حزب اختلاف کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم ان کی وطن واپسی کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ اس معاملے کو حل کرنے کیلئے ملاقات کی جا سکے کیونکہ ایسے معاملات فون پر نہیں طے ہوا کرتے۔