مستونگ ، دشت میں دھماکے سے متاثرہ ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام مکمل نہ ہوسکا

کوئٹہ سے اندرون ملک جانیوالی تینوں ٹرینوں کی روانگی منسوخ کردی گئی

جمعہ 21 نومبر 2014 12:25

مستونگ/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء ) مستونگ کے علاقے دشت میں دھماکے سے متاثرہ ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام مکمل نہ ہوسکا،جس کی بناء پر کوئٹہ سے اندرون ملک جانیوالی تینوں ٹرینوں کی روانگی منسوخ کردی گئی۔ گذشتہ رات دشت میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکے کے نتیجے میں بگٹی ایکسپرس کی چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں اس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

اس واقعہ کے بعد ریلوے ذرائع کے مطابق ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام تو شروع کردیاگیا ہے تاہم یہ تاحال مکمل نہیں ہوسکا ۔نجی ٹی وی کے مطابق یلوے ٹریک بحال نہ ہونے سے کوئٹہ سبی سیکشن پر ریلوے ٹریفک معطل رہی اور اسی بناء پر کوئٹہ سے جعفر ایکسپریس، نواب بگٹی ایکسپریس اور بولان میل کی روانگی منسوخ کردی گئی ۔جعفر ایکسپریس کو راولپنڈی، نواب بگٹی ایکسپریس کو لاہور اور بولان میل کو کراچی روانہ ہوناتھا ۔