امریکہ نے ڈو مور کا مطالبہ نہیں کیا، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے مفاد میں کر رہا ہے، ملک سے دہشت گردوں کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا چاہتے ہیں، آرمی چیف کے دورے سے امریکہ کے ساتھ فوجی تعلقات میں بہتری آئے گی، شدت پسندگروپوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں کامیابی ہوئی

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 21 نومبر 2014 12:18

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء ) ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ امریکہ نے ڈو مور کا مطالبہ نہیں کیا، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے مفاد میں کر رہا ہے، ملک سے دہشت گردوں کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا چاہتے ہیں، آرمی چیف کے دورے سے امریکہ کے ساتھ فوجی تعلقات میں بہتری آئے گی۔جمعہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف پہلے ہی بہت کچھ کیا اور اپنے مفاد میں کر رہا ہے۔

شدت پسندگروپوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں کامیابی ہوئی ہے۔ آرمی چیف کے دورے میں امریکا کی جانب سے ڈو مور کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی واشنگٹن میں فوجی اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں ہوئی ہیں جن میں خطے کی صورتحال کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے بارے میں امریکی حکام کی سوچ میں بہتری آئی ہے۔

میجرجنرل عاصم باجوہ نے کہا کہ فوجی حکام کے ساتھ بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزیوں سمیت سرحدی معاملات بھی زیر غور آئے۔ اس کے علاوہ افغانستان کے حوالے سے بھی مثبت سوچ بھی پائی جا رہی ہے۔ پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ جنرل راحیل شریف ،امریکی آرمی چیف کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں جس کے دوران سیاسی قیادت کو بھی مختلف معاملات پر پاکستانی موقف کو بہتر طریقے سے سمجھنے کا موقع ملا ہے۔