کراچی ،شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر پانی چوروں اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خاتمہ کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری

4 غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ مسمار، ,6,3انچ قطر کے 11کنکشنز کاٹ دئیے گئے

جمعرات 20 نومبر 2014 23:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر پانی چوروں اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خاتمہ کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ واٹر بورڈ کے عملے نے بدھ کے روز بھی4 غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ مسمار کردئیے اور ,6,3انچ قطر کے 11کنکشنز کاٹ دیئے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی ان کی دہلیز تک مہیا کرنے اور شہر میں پانی چوری کی روک تھام اور غیر قانونی طور پر ہائیڈرنٹس کے خلاف سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن کی واضح اور خصوصی ہدایات کے بعد ایم ڈی واٹر بورڈ قطب الدین شیخ نے واٹر بورڈ کے افسران و متعلقہ عملے کوہدایت کی ہے کہ شہر میں قائم تمام غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ اور غیر قانونی چوری شدہ پانی کے کنکشنز کا خاتمہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں واٹر بورڈ کے عملہ نے گذشتہ روزبلدیہ ٹاؤن،داؤد گوٹھ اور کٹو گوٹھ نادرن بائی پاس و ملحقہ علاقوں میں آپریشن کیا ،4ہائیڈرنٹس کا مکمل صفایا کردیا گیا، جن میں دوبارہ قائم ہونے والے ہائیڈرنٹس بھی شامل تھے ،جبکہ3 اور 6 انچ کے11 غیر قانونی کنکشنز منقطع کر دیئے گئے اور تمام سامان ضبط کر لیا گیا۔ کارروائی کے مو قع پر رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ بھی موجود تھے،جن غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو مسمار کیا گیا ان میں نیو سبزی منڈی پیر بخش رند ہائیڈرنٹ،کے ۔

الیکٹرک گرڈ اسٹیشن کے عقب میں نو روز و مہروز ہائیڈرنٹس،کٹو قبرستان کے قریب سیفل طفیل مشتاق پپو عرف کالوکے ہائیڈرنٹس شامل ہیں۔ واضح رہے کہ جمعرات کو منگھوپیر پولیس اسٹیشن کی حدود میں پولیس کی عدم دستیابی کے باعث آپریشن نہ کیا جاسکا ،تاہم پولیو مہم کے بعد پولیس کی مدد سے مزید ہائیڈرنٹس گرادیئے جائیں گے ۔ وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ نے واٹر بورڈ کی جانب سے غیر قانونی ہائیڈرینٹس اور غیر قانونی کنکشنز کو منقطع کرنے کی مہم کا مزید تیز کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے بدھ کے روز کی جانے والی کارروائیوں پر ایم ڈی واٹر بورڈ اور دیگر عملے کو شاباشی دی ہے۔

متعلقہ عنوان :