کوئٹہ،وزارت پانی وبجلی اورچیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوکی خصوصی ہدایات کے تحت نادہندگان کے خلاف خصوصی مہم تیزی سے جاری

جمعرات 20 نومبر 2014 23:08

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) وزارت پانی وبجلی اورچیف ایگزیکٹوآفیسر(کیسکو)کی خصوصی ہدایات کے تحت نادہندگان کے خلاف خصوصی مہم تیزی سے جاری ہے ۔جس کے تحت سینٹرل سرکل (کوئٹہ ) میں سپرنٹنڈنگ انجینئر بازمحمدمندوخیل کی نگرانی میں ٹیموں نے کوئٹہ سٹی، زرغون اورسریاب ڈویژنوں میں کارروائی کے دوران عدم ادائیگی پر 102زرعی ٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع کردی جبکہ پبلک ہیلتھ اور دیگر 24 کنکشن منقطع کردئیے گئے جن کے ذمہ مجموعی طورپر ایک کروڑ93لاکھ روپے کے بقایاجات واجب الاداہیں۔

دریں اثناء سپرنٹنڈنگ انجینئر خضدارآپریشن سرکل کے تحت نادہندگان کے خلاف ایک کروڑ70لاکھ روپے کے بقایاجات پر کارروائی کے دوران قلات، خضدار اورنوشکی ڈویژنوں میں عدم ادائیگی پر43زرعی فیڈروں سے بجلی کی فراہمی بندکردی گئی نیز21نادہندہ صارفین کی بجلی منقطع کر کے 24 واٹرسپلائی سکیموں کے ٹرانسفارمربھی اُتارلئے گئے جبکہ تربت ڈویژن کی حدودمیں عدم ادائیگی بقایاجات پر 25 ٹرانسفارمروں کو اُتار کربجلی کی سپلائی کاٹ دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایکسئن قلات ڈویژن عزیزاللہ رند کی سربراہی میں بقایاجات پر 21فیڈروں کی بجلی سنگل فیزکرکے 16کمیونٹی واٹرسپلائی ٹیوب ویلز کے ٹرانسفارمراُتارکر اُنکے کنکشن منقطع کردئیے۔ علاوہ ازیں سپرنٹنڈنگ انجینئر سبی سرکل کے تحت بھی نادہندگان کے خلاف کارروائی کی گئی جس کے دوران ٹیم نے ایک کروڑ88لاکھ روپے کے بقایاجات پر 30سرکاری،41ٹیوب ویل اور72دیگرصارفین کی بجلی منقطع کردی گئی اورنادہندگان سے 53ہزارروپے کی وصولی بھی کی گئی جبکہ گنداوہ کے 8دیہات کی بجلی 11لاکھ80ہزارروپے کی عدم ادائیگی پرمنقطع کردئیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ نادہندگان کے خلاف وزارت پانی وبجلی کی ہدایات کے تحت خصوصی مہم صوبہ بھرمیں تیزی سے جاری ہے لہٰذاتمام نادہندہ سرکاری، زرعی اورتجارتی صارفین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجبات فوری طورپرجمع کرائیں بصورت دیگران کے خلاف بلاتاخیرکارروائی کی جائے گی اورکسی زحمت پر کیسکواُن کے نقصان کی ذمہ دارنہیں ہوگی