پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کانئے ججز کی تعیناتی کیخلاف صوبہ بھر میں ہڑتال کا اعلان

جمعرات 20 نومبر 2014 23:06

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء ) پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے نئے ججز کی تعیناتی کے خلاف جمعہ کے روز صوبہ بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا ہے عدالتوں سے بائیکاٹ کا اعلان جمعرات کے روز پشاور ہائی کورٹ بار کے منعقدہ اجلاس میں کیا گیاجبکہ اس سلسلہ میں پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ججز کے لیے تجویز کردہ وکلاء کے ناموں کے خلاف احتجاجی کیمپ بھی لگایا گیا تھا اوروکلاء نے احتجاجی بینرز لگا رکھے تھے پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکر ٹری آیاز خان ایڈوکیٹ نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ججز کی تعیناتی کیلئے تجویز کردہ وکلاء کے ناموں پر وکلاء برادری کو تحفظات ہیں کیونکہ ججز کی تعیناتی میرٹ پر ہونا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام اضلاع کے بار کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے انہیں پہلے سے یقین دہانی کرائی ہے کہ ہائی کورٹ بار جب بھی ہڑتال کی کال دے گا صوبہ بھر میں ہڑتال کی جائے گی انہوں نے کہا کہ وکلاء کے تحفظات دور نہیں کئے گئے اور اس کے خلاف وکلاء کے احتجاج کا سلسلہ گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری ہے انہوں نے بتایا کہ وکلاء کے تحفظات دور نہ کرنے پر پشاور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کاایک مرتبہ پھر جنرل باڈی اجلاس بلایا گیا تھا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج جمعہ کے روز صوبہ بھر میں عدالتوں سے بائیکاٹ کیا جائے گا اور اس فیصلہ کے تحت وکلاء کسی قسم کی عدالتی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیں گے آیاز خان ایڈوکیٹ کے مطابق ججز کی تعیناتی کیلئے جن 4وکلاء کے نام تجویز کیے گئے ہیں ان میں 3میرٹ کے خلاف ہیں صرف ایک نام درست ہے خیال رہے کہ پشاور ہائی کورٹ میں تعیناتی کیلئے جوڈیشل کمیشن کو بھجوائے جانیوالے ناموں پر ہائی کورٹ بار اور بنچ کے مابین تنازعہ پیدا ہونے کے بعد وکلاء نے احتجاج کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :