وزیر اعظم نواز شریف آئندہ ماہ سندھ میں لاہور کراچی موٹروے کا افتتاح کرینگے‘میاں عالم داد لالیکا

جمعرات 20 نومبر 2014 23:01

وزیر اعظم نواز شریف آئندہ ماہ سندھ میں لاہور کراچی موٹروے کا افتتاح ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء ) وزیر اعظم محمد نواز شریف آئندہ ماہ سندھ میں لاہور کراچی موٹروے کا افتتاح کریں گے ، حکومت عوام کو عالمی معیار کے مطابق جدید اور تیز ترین ذرائع مواصلات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہے، 1156طویل موٹروے کو مختلف سیکشنوں میں تقسیم کر کے تعمیر کیا جائے گا، لاہور کراچی موٹروے مسافروں اور کارگو آمدورفت کے لیے محفوظ اور تیز ترین سہولیات فراہم کرے گا ، منصوبے کی تکمیل سے ملک میں معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مواصلات میاں عالم داد لالیکا نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے دفتر میں لاہور کراچی موٹر وے منصوبہ کے بارے میں اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگوکے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں میمبر لاہور کراچی موٹر وے مجیب قادر نے منصوبے کے بارے میں بریفینگ دی اور مختلف سیکشنوں پر ابتدائی کام کے بارے میں بتایا ۔

اجلاس میں جنرل مینیجر شمالی پنجاب مرتضے علی خان قندھاری نے نیشنل ہائی وے کے مختلف سیکشنوں پر تعمیرومرمت کے کام کے بارے میں بریفینگ دی ۔

اجلاس میں 2012-13اور2013-14میں مکمل ہونے والے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ موجودہ مالی سال میں جاری منصوبوں کے بارے میں بھی بریفینگ دی گئی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اِس سال شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے لاہور راولپنڈی قومی شاہراہ کو بعض مقامات پر شدید نقصان پہنچا تھا جس میں مرمت کا زیادہ تر کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔

NHA سڑکوں کی بحالی پر ہر سال کروڑوں روپے خرچ کرتی ہے تاکہ ٹریفک کو رواں دواں رکھا جا سکے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں عالم داد لالیکا نے کہا کہ موجودہ دور میں ذرائع آمدورفت کو ترقی دیئے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا ۔ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے وژن کے تحت پاکستان میں جدید موٹرویز اور ہائی ویز تعمیر کیئے جا رہے ہیں تا کہ دنیا میں ہونے والی اقتصادی ترقی کا مقابلہ کیا جا سکے ۔ لاہور کراچی موٹروے بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جسے بعد میں گوادر پورٹ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ذرائع مواصلات کی ترقی کے لیے دوست ملک چین بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے جس کے لیے ہم چین کے مشکور ہیں۔