Live Updates

حکومت مذاکرات کیلئے تیار ، عمران خان کو ہٹ دھرمی اور انا کے بت توڑنے ہونگے ‘ حمزہ شہباز شریف

جمعرات 20 نومبر 2014 22:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہاہے کہ عمران خان کو ہٹ دھرمی اور انا کے بت توڑنے ہونگے ،حکومت مذاکرات کے لئے تیار ہے لیکن ترقی اور خوشحالی کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی ،عمران خان کی انتشار اورخلفشار کی سیاست قومی مفادات کیلئے خطرہ بن گئی ہے ، نئے پاکستان اور تبدیلی کے دعویدار وں نے صوبہ خیبر پختونخواہ کو پسماندگی ،تنزلی اور کرپشن کی آماجگاہ بنا کر رکھ دیاہے ،عمران خان کے حواری صوبے کے وسائل کی لوٹ مار کے نئے ریکارڈ قائم کررہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفترمیں پارٹی کارکنوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ عوام کو اس حقیقت کا ادراک ہے کہ دھرنوں اورجلسوں کی سیاست نے انہیں پریشانیوں اور نقصان کے سوا کچھ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

عمران خان کی پارٹی ملک کو بے یقینی اور عدم استحکام کے سواکچھ دینے کی اہلیت بھی نہیں رکھتی۔ عمران خان کی ہٹ دھرمی ،ضد اور فرعونیت نے خودان کے ارکان اسمبلی کو بھی سیاسی دوراہے پر لاکھڑا کیاہے۔

پی ٹی آئی کے کئی ارکان اسمبلی شمولیت کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں کی قیادت سے رابطے میں ہیں۔حمزہ شہبازشریف نے مزید کہا کہ عمران خان کا انداز سیاست مخالفین کے خلاف الزام تراشی ،دشنام طرازی اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھرنے سے عبارت ہے۔عمران خان اور ان کے حواری کنٹینر پر کھڑے ہو کر جو طوفان بدتمیزی برپا کرتے ہیں،وہ نوجوان نسل کے اخلاق کو تباہ کرنے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں ۔

اس کے برعکس پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت شائستہ اور مہذب سیاسی روایات کی امین ہے اخلاق و تہذیب سے گری ہوئی زبان کاا ستعمال نہ مسلم لیگ(ن)کی قیادت اور نہ ہی کارکنوں کا وطیرہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس شخص کا اخلاق تباہ ہوگیاہواس سے ملک میں تبدیلی یاترقی لانے کی توقع فضول ہے ۔عمران خان کو بہت جلد پتہ چل جائے گا کہ قوم ان کے جھوٹ اور کذب بیانی کی بجائے سچ اور حق کی طرف دار ہے اور ان کی آخری سانسیں لیتی ہوئی بہتان تراشی کی سیاست ہمیشہ کیلئے دم توڑ نے والی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات