بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی یکم دسمبر 2014کوایک ڈیش بورڈ متعارف کرانے کی منصوبہ بندی شروع ،

عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دینے کا بھی اہتمام کیا جائیگا، ڈیش بورڈ کی مدد سے تمام رجسٹرڈ مستحقین کا ٹریک ریکارڈ اور رقم کے اجراء اور نکالنے کی تاریخوں کا ریکارڈ رکھا جائیگا

جمعرات 20 نومبر 2014 22:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) نے یکم دسمبر 2014کوایک ڈیش بورڈ متعارف کرانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے  عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے میڈیا نمائندگان کو ایک بریفینگ دینے کا بھی اہتمام کیا جائیگا سرکاری طور پر اس کا آغاز یکم جنوری 2015کو ہو گا  ڈیش بورڈ کی مدد سے تمام رجسٹرڈ مستحقین کا ٹریک ریکارڈ اور رقم کے اجراء اور نکالنے کی تاریخوں کا ریکارڈ رکھا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق بی آئی ایس پی جولائی 2008میں ایک سماجی تحفظ نیٹ کے پروگرا م کے طورپر غریبوں ،بالخصوص خواتین کو فوری طور پر فائدہ پہنچانے کے مقصد سے شروع کیا گیاتھا اپنے قیام کے آغاز کے بعد سے بی آئی ایس پی نے بڑی تیزی سے ترقی کی اور اب یہ پاکستان میں غربت کے خاتمے کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔

(جاری ہے)

مالی سال 2008-09میں بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے گھرانوں کی تعداد1.7ملین تھی جو جون2014میں تقریبا4.63ملین ہوگئی ہے۔

موجودہ حکومت نے ماہانہ مالی معاونت 1000-روپے سے بڑھا کر1500روپے فی کس کردی ہے جوکہ 4500-روپے سہ ماہی کے مطابق دی جاتی ہے۔ بی آئی ایس پی کے چیئرمین انور بیگ نے تمام نعقدمالی معاونت کی منتقلی کے نظام کو آن لائن بنانے کے لئے اقدام اٹھایا ہے۔ انہوں نے بی آئی ایس پی ڈیش بورڈکے نام سے ایک سوفٹ ویئر انٹرفیس تیار کرنے کا حکم دیاہے تاکہ ڈونر ایجنسیوں عالمی بینک ، ایشیائی ترقیاتی بینک یا ڈی ایف آئی ڈی اور حکومت پاکستان سے وصول کئی گئی تمام رقم کا ٹریک ریکارڈ رکھنے، بینکوں کو منتقل کی گئی رقم اور ہر مستحق کو موصول ہوئی رقم کے اعتبار سے شفافیت کو بر قرار رکھا جائے۔

ڈیش بورڈ کی مدد سے تمام رجسٹرڈ مستحقین کا ٹریک ریکارڈ اور رقم کے اجراء اور نکالنے کی تاریخوں کا ریکارڈ رکھا جائیگا۔ بی آئی ایس پی کی جانب سے بینکوں کو منتقل کی گئی رقم سے لے کر مستحقین کو رقم ملنے تک کی معلومات کو علاقوں، ڈویژنوں اور تحصیلوں تک ہر سطح پر دکھایا جائے گا۔ یہ ڈیش بورڈ کیش کی منتقلی کے عمل اور مستحقین کے رقم خرچ کرنے کے رجحانات کی نگرانی کرنے میں انتظامیہ کی مدد کرے گی۔

یہ نہ صرف بد عنوانی پر قابو پانے کا کام کرے گا بلکہ رقم کی منتقلی میں تاخیرکی نشاندہی بھی کرے گا۔ تازہ ترین ڈیٹا کی دستیابی انتظامیہ کے لیے کئی اعتبار سے مددگارہوگی۔ نظام کو شفاف بنانے کے لیے ، چیئرمین نے ڈیش بورڈ کی آن لائن دستیابی کا حکم دیاہے تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کسی بھی وقت بی آئی ایس پی کی کارکردگی پر نظر رکھ سکیں۔