جعلی ادویات بنانے اور فروخت کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں،عبدالمالک بلوچ ،

محکمہ صحت، ڈاکٹرز اور پولیس گھناؤنے اور مکرو کاروبار میں ملوث درندہ صفت لوگوں کیخلاف کارروائی کرے، وزیراعلی بلوچستان کی ہدایت

جمعرات 20 نومبر 2014 22:50

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ جعلی ادویات بنانے اور فروخت کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں، محکمہ صحت، ڈاکٹرز اور پولیس گھناؤنے اور مکرو کاروبار میں ملوث درندہ صفت لوگوں کے خلاف کاروائی کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیسن ٹریڈرز اور مرکزی انجمن تاجران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر قائمقام آئی جی پولیس اور محکمہ صحت کے حکام بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ جعلی ادویات کی شکل میں موت بیچنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، ڈرگ ایکٹ پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کر کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا، وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر اور محکمہ صحت کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ایسے سماج دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لائیں اور بلوچستان کو جعلی ادویات سے پاک کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، سول سوسائٹی اور تمام مکاتب فکر کے لوگ موت کے سوداگروں کی نشاندہی کریں تاکہ حکومت ان کے خلاف کاروائی عمل میں لا سکے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے پولیس کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ وہ جعلی ادویات کے خلاف کاروائی کی آڑ میں کاروباری طبقے کے لیے مشکلات پیدا نہ کریں،بلکہ قانون کے مطابق تفتیش کریں اور کاروائی کے دوران کاروباری طبقے کے قانونی حقوق ،ان کی عزت نفس اور استحقاق کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔

متعلقہ عنوان :