روس کے ساتھ دو طرفہ تجارت کا موجود حجم بڑھانے ، دفاع سمیت کثیر جہتی تعلقات کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں، نواز شریف،

روسی کمپنیاں پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کر کے کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں ، شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم کے ذریعے دہشتگردی اور منشیات سمگلنگ کے دوہرے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کو تیار ہیں،وزیراعظم کی روسی وزیر دفاع سے بات چیت

جمعرات 20 نومبر 2014 22:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) پاکستان نے روس کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے موجود حجم کو بڑھانے ، دفاع سمیت کثیر جہتی تعلقات کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی کمپنیاں پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کر کے کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں ، شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم کے ذریعے دہشتگردی اور منشیات سمگلنگ کے دوہرے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کو تیار ہیں۔

وزیراعظم محمد نواز شریف سے روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اورروس کے درمیان گزشتہ چند سالوں کے دوران تعلقات کا فروغ نہایت حوصلہ افزا ہے پاکستان روس کے ساتھ دفاع سمیت کثیر جہتی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جس کا موجودہ حجم 54کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہے اور یہ دونوں ممالک کے درمیان پائے جانیوالے تجارتی مواقع کی مناسبت سے کم ہے انہوں نے روسی کمپنیوں کے دعوت دی کہ وہ پاکستان میں بالخصوص توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں اور حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں ۔

انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی مکمل رکنیت کے سلسلہ میں روس کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم کے ذریعے دہشتگردی اور منشیات سمگلنگ کے دوہرے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کو تیار ہے۔