چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی ، انتخاب کیلئے فون پر مشاورت کا امکان،

خورشید شاہ 26نومبر کو وطن واپس پہنچیں گے ، وزیر اعظم 25نومبر کو کھٹمنڈو چلے جائیں گے ،حکومتی و اپوزیشن ارکان ، خورشید شاہ نے ٹیلیفون پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے رابطہ کرکے معاملے پر بات چیت کی ہے ، ترجمان اپوزیشن لیڈر ، الیکشن کمشنر کی تقرری 24 نومبر سے پہلے ہو جائیگی ترجمان وقار گیلانی کا انٹرویو ، معاملہ وزیر اعظم کا دفتر دیکھ رہا ہے ، وزیر اعظم اوراپوزیشن لیڈر کے درمیان ایک دو رز میں ٹیلیفونک رابطہ متوقع ہے ،اسحا ق ڈار

جمعرات 20 نومبر 2014 22:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) وزیراعظم نواز شریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کو حتمی شکل دینے کیلئے ٹیلیفون پر مشاورت کیے جانے کا امکان ہے۔حکومتی و اپوزیشن ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے چوبیس نومبر یعنی سپریم کورٹ کی طے کردہ تیسری ڈیڈلائن تک ملاقات ممکن نہیں کیونکہ خورشید شاہ 26 نومبر کو بیرون ملک سے وطن واپس پہنچیں گے جبکہ وزیراعظم شارک کانفرنس میں شرکت کیلئے 25 نومبر کو نیپالی دارالحکومت کھٹمنڈو کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔

اس سے پہلے سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے 28 اکتوبر اور تیرہ نومبر کی ڈیڈ لائنز مقرر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا نہ ہونے کی صورت میں قائم مقام سی ای سی جسٹس ظہیر انور جمالی کی خدمات واپس لے لی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں پر خورشید شاہ کے ترجمان نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر برطانیہ سے سپریم کورٹ کی دی گئی ڈیڈلائن ختم ہونے کے دو روز بعد برطانیہ سے وطن واپس پہنچیں گے۔

تاہم اس کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ نے ٹیلیفون پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے رابطہ کرکے اس معاملے پر بات چیت کی ہے۔ترجمان سید وقار گیلانی نے کہاکہ نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی 24 نومبر کی ڈیڈ لائن سے پہلے عمل میں لائی جائے گی قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ ترجمان سید وقار گیلانی نے بتایا کہ سید خورشید شاہ اپنی اہلیہ کے علاج کے سلسلے میں آئرلینڈ گئے ہوئے تھے اور جمعرات کو ہی استنبول پہنچے ہیں مگر وہ ٹیلی فون پر وزیر اعظم نواز شریف سے رابطے میں ہیں اور یہ معاملہ ایک دو دن میں طے پا جائے گا۔

وقار گیلانی نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجنے کیلئے ریٹائرڈ جسٹس طارق پرویز کے ساتھ نئے نام بھی سامنے آ سکتے ہیں مگر جن ناموں پر غور ہوا ہے اس کا علم فی الوقت وزیر اعظم اور سید خورشید احمد شاہ کو ہے۔دوسری جانب اسحاق ڈار نے بتایا کہ یہ معاملہ اب وزیراعظم کا دفتر دیکھ رہا ہے اور یہ عندیہ دیا کہ تعیناتی کے عمل پر مشاورت اور حتمی اعلان کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ایک یا دو روز میں ٹیلیفونک رابطہ ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ معاملے پر وزیراعظم کی زیرصدارت ایک اجلاس میں تبادلہ خیال بھی کیا گیا جس میں وفاقی کابینہ کے سینئر اراکین شریک تھے، شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حکومت چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے سپریم کورٹ سے مزید کی استدعا نہ کرے اگر کسی کی جانب سے کوئی نیا نام تجویز نہ کیا گیا تو سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز خان ہی اس عہدے کیلئے واحد امیدوار کے طور پر موجود ہیں کیونکہ دیگر پانچ ناموں کو مختلف وجوہات کی بناء پر فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومتی و اپوزیشن ذرائع نے بتایا کہ آئین وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کو چھ ناموں کی فہرست پارلیمانی کمیٹی کے پاس ارسال کرنے کی اجازت دیتا ہے، تاہم وقت کی کمی کے باعث دونوں رہنماء ایک نام پر اتفاق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی اور جسٹس ریٹائرڈ رانا بھگوان داس کی جانب سے سی ای سی بننے سے معذرت سے مشاورت کے عمل کو دھچکا پہنچا کیونکہ ان دونوں کے ناموں پر لگ بھگ اتفاق ہوچکا تھا اس سے پہلے اپوزیشن لیڈر نے حکومت کی جانب سے نامزد جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی جبکہ وزیراعظم نے اپوزیشن کی جانب سے نامزد جسٹس ریٹائرڈ میاں اجمل کا نام مسترد کردیا تھا۔

وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے تجویز کردہ تمام ناموں کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نے جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد کا نام تجویز کیا تھا مگر پی پی پی نے اس کی مخالفت کی۔