سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ زائرین کے فنگر پرنٹس کیلئے بنائے گئے ’اعتماد‘ نامی ادارے سے کرپشن کو فروغ ملے گا، عاطف حنیف بلو ،”اعتماد“ نامی ادارے کو ختم کرکے عمرہ زائرین کو آسانیاں فراہم کریں بصورت دیگر تحریک عوام اہلسنت پاکستان کی حج و عمرہ کمیٹی اس پر ملک گیر احتجاج پر مجبور ہوگی

جمعرات 20 نومبر 2014 21:54

سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ زائرین کے فنگر پرنٹس کیلئے بنائے گئے ’اعتماد‘ ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) تحریک عوام اہلسنت پاکستان کی حج و عمرہ کمیٹی کے چیئرمین محمد عاطف حاجی حنیف بلو نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ زائرین کے فنگر پرنٹس کے لئے بنائے گئے ”اعتماد“ نامی ادارے سے ایک جانب کرپشن کو فروغ ملے گا تو دوسری جانب کراچی کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے زائرین کے لئے ممکن نہیں ہوگا کہ وہ عمرہ کی سعادت باآسانی حاصل کرسکیں۔

570 اور 5700 روپے کی فیس وصول کرکے اپروول آئی ڈی اور فنگر پرنٹس لینے والے اس ادارے کی کراچی میں روزانہ 4 ہزار اور ملک بھر سے ہزاروں افراد کی فنگر پرنٹس لینا کسی صورت ممکن نہیں ہے۔ سعودی حکومت سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر ”اعتماد“ نامی ادارے کو ختم کرکے عمرہ زائرین کو آسانیاں فراہم کریں بصورت دیگر تحریک عوام اہلسنت پاکستان کی حج و عمرہ کمیٹی اس پر ملک گیر احتجاج پر مجبور ہوگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ہنگامی اجلاس خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں علامہ ریاض الدین قادری ، علامہ اشرف گورمانی، عبدالقادر نورانی، محمد علی قریشی، قاری غلام رسول، سکندر قادری، شعیب بابا اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ محمد عاطف حنیف بلو نے کہا کہ ”اعتماد“ نامی ادارے کاصرف کراچی میں ہی دفتر بنایا گیا ہے اور اس میں عمرہ زائرین کے لئے یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ وہ اس میں ریگولر 570 روپے اور ارجنٹ 5700 روپے فیس جمع کرواکر اپروول آئی ڈی حاصل کرے اور بعد ازاں اس کے فنگر پرنٹس لئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم فنگر پرنٹس یا آئی ڈی کے حق میں ہیں، لیکن اس کے لئے علیحدہ سے فیس اور اس کا صرف کراچی تک محدود رہنے سے عوام مشکلات کا شکار ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے باہر سے آنے والوں کو پہلے ”اعتماد“ سے آئی ڈی اور فنگر پرنٹس لینے کے لئے کراچی آنا ہوگا اور اس پر انہیں بھاری اخراجات اور کئی کئی روز کی تکالیف کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق کراچی سے روزانہ 4 سے 5 ہزار جبکہ اندرون سندھ سے ہزاروں افراد عمرہ کی سعادت کے لئے درخواست دیتے ہیں تو اس صورت حال میں ایک روز میں یہ ادارہ کس طرح تمام کو آئی ڈیز اور فنگر پرنٹس لے سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام صورت حال میں تحریک عوام اہلسنت پاکستان جوکہ کئی دہائیوں سے عمرہ اور حج زائرین کی خدمت کررہی ہے خاموش رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سعودی حکام سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس ادارے کے قیام کا قیصلہ واپس لے اور عوام کو عمرہ کی سہولیات کی فراہمی میں آسانی فراہم کرے۔ بصورت دیگر تحریک عوام اہلسنت ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے پر غور کرے گی۔

متعلقہ عنوان :