کراچی، اجتماع عام مینار پاکستان میں شرکت کے لیے تیسرے روز بھی قافلوں کی روانگی جاری رہی

جمعرات 20 نومبر 2014 21:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) جماعت اسلامی کے کل پاکستان اجتماع عام 21تا 23نومبر مینار پاکستان لاہور میں کراچی سے قافلوں کی روانگی کا سلسلہ جمعرات کو تیسرے روز بھی جاری رہا ، صبح 6بجے شالیمار ایکسپریس کے ذریعے قافلوں کی روانگی شروع ہوئی جو رات گئے تک جاری رہی اور مختلف ٹرینوں کے ذریعے مرد وخواتین کے قافلے کینٹ اسٹیشن سے لاہور کے لیے روانہ ہوتے رہے ۔

قافلوں کی روانگی کے موقع پر نوجوانوں نے نعرہ تکبیر اللہ اکبر ، انقلاب انقلاب اسلامی انقلاب ، اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان سمیت دیگر نعرے لگائے اور زبردست جوش و خروش کا مظاہر ہ کیا امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے فلک شگاف نعروں کی گونج میں لاہور روانہ ہونے والے مردوخواتین کے قافلوں کو کینٹ اسٹیشن سے رخصت کیا اور دعا کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈپٹی سیکریٹریز راشد قریشی ، انجینئر صابر احمد ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اوردیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کینٹ اسٹیشن پر رخصت ہونے والے قافلوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کا اجتماع عام ملک کے موجودہ حالات میں بہت اہمیت کا حامل ہے ،ملک کے اندر ایک بے یقینی اور بے چینی کی کیفیت ہے اور عوام بے پناہ مسائل میں گھرے ہونے کی وجہ سے شدید مایوسی کا شکار ہیں ۔

عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور جماعت اسلامی کا اجتماع عام عوام کو امید او رتبدیلی کا پیغام دے گا ہم عوام کے تعاون او ر حمایت سے ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان کی تحریک اور جدوجہد کا ایک نئے عزم کے ساتھ آغاز کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اجتماع عام صرف ایک اجتماع کانام نہیں یہ ملک میں ایک بڑی اور حقیقی تبدیلی کا آغازہے۔پاکستان ایک نظریے کی بنیاد پر بنا تھا تاکہ یہاں پر اسلامی نظام کو عملی طور پر نافذ کیا جاسکے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا۔

قائداعظم بھی اسلامی پاکستان چاہتے تھے لیکن ان کے ارد گرد کی بیوروکریسی نے انہیں اسلامی نظام کے نفاذ سے باز رکھا ۔آج معاشرے میں ہر طرف بدامنی اور کرپشن کا راج ہے۔یہ اسلامی تعلیمات اور اسلامی نظام کے عدم نفاذ کا ہی نتیجہ ہے کہ آج ہم پر جاگیرداراور وڈیرے مسلط ہیں۔ میرٹ کا قتل عام کیا جارہا ہے اقتدار صر ف چند حکمرانوں کی جاگیر بن کر رہ گیا ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔

متعلقہ عنوان :