پاکستان کے پائیدار امن اور ترقی کا راستہ قبا ئلی علاقہ جات سے گزرتا ہے ‘حکومت نے ہر قیمت پر فاٹا سے دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے ‘دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز، پاک فوج اور قربانیاں دینے والے محب وطن قبائل کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،

گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان کا اورکزی ایجنسی میں گرینڈ قبائلی جرگے سے خطاب

جمعرات 20 نومبر 2014 21:24

اورکزئی ایجنسی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء ) گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان نے کہاہے کہ پاکستان کے پائیدار امن اور ترقی کا راستہ قبا ئلی علاقہ جات سے گزرتا ہے اوریہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے ہر قیمت پر فاٹا سے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے اور دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز، پاک فوج اور قربانیاں دینے والے محب وطن قبائل کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا ملکی سلامتی واستحکام اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے قبائلی عوام ومشران کی قربانیاں تاریخ کاقابل فخرحصہ ہیں اور انہیں بھلایانہیں جاسکتا۔ تاہم قیام امن اور ترقی کے سفر کوجاری رکھنے کیلئے قبائلی مشران کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرناہوں گی۔

(جاری ہے)

قبائلی عوام نے ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ملکی دفاع میں جو کردار ادا کیاہے اب بھی ان سے اپنی وہی ذمہ داریاں بھرپور انداز سے انجام دینے کی توقع کی جارہی ہے ۔

گورنرنے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف آئی ڈی پیز کی با عزت اور مکمل بحالی، توانائی کے بحران ، بدامنی اور معاشی بدحالی کے خاتمے کیلئے مخلص ہیں اور اس ضمن میں ہمیں بھی اپنا کردار ادا کرناہوگا ۔ ان خیالات کا اظہارگورنرنے جمعرات کے روز اورکزئی ایجنسی کے دورے کے موقع پر اورکزئی ایجنسی کے گرینڈ قبائلی جرگے سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر غازی گلاب جمال، سینیٹر نجم الحسن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا اعظم خان، کمشنر کوہاٹ، پولیٹیکل ایجنٹ اورکزئی ایجنسی محمد زبیر کے علاوہ ایجنسی کے مشران وزعماء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جرگے میں اورکزئی سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسردار مہتاب احمدخان نے کہاکہ قبائلی عوام کی حب الوطنی پرشک نہیں کیاجاسکتا اور آپ کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے قبائل وطن عزیز کا حقیقی سرمایہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تمام آئی ڈی پیز کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے اور پولیٹیکل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ افراد کو معاوضہ کی فوری ادائیگی کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ علاقائی ترقیاتی پروگرام کو اورکزئی ایجنسی میں بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پہلے سے جاری تمام منصوبے جلد ازجلد مکمل کئے جائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ نئی سکیمیں بھی شروع کی جائیں گی۔ گورنرنے کہاکہ علاقے میں سولر پاور سکیمز کو ترجیح دی جائے گی۔ ونر نے کہا کہ سڑکیں تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ذیڑہ سے ڈبوری تک 60 کلومیٹر سڑک کو از سر نو مکمل کیا جائے۔

گونر نے ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال مشتی میلہ کو 6 ماہ کے عرصے میں مکمل کر کے اسے پوری طرح سے آپریشنل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ غلجو میں گرڈ اسٹیشن بھی مکمل کیا جائے گا۔ گورنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ہر مسئلے کو حل کرنے کیلئے یہاں آئے ہیں اور صدر پاکستان ممنون حسین، وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف، پوری قوم اور ہماری حکومت کی خواہش ہے کہ قبائلی اپنے گھروں میں غیرت مند پاکستانی کے طور پر زندہ اور آباد رہیں۔

انھوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں جاری آپریشن دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جاری ہے اور پوری قوم پائیدار امن کے حصول کیلئے پاک فوج اور محب وطن قبائلی عوام کے ساتھ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ سکولوں کی استعداد کاربڑھائی جائیگی اور ایجنسی میں تعلیم اورصحت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے سکول اور کالجز اور ہسپتالوں کوبہتر انداز میں چلایا جائیگا۔ اساتذہ اورڈاکٹرز کو مزید سہولیات مہیاکی جائیں گی اور ان کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے آپ کو بھی اپناکردار دا کرناہوگا۔

گرڈاسٹیشن کی اپ گریڈیشن کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا خطے میں پڑھے لکھے افراد کیلئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کئے جائیں گے اورعلاقے کی عوام کیلئے تکنیکی تربیت پربھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملکی استحکام اور امن کے قیام کیلئے منتخب نمائندوں اور قبائلی زعماء کو ہر سطح پر اعتماد میں لیاجائیگا تاکہ فاٹا کے ہر علاقے کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کیاجاسکے۔

انہوں نے مزید کہاکہ قبائلی عوام بہادر، محب وطن اور پاکستان کے دفاع کا ہراول دستہ ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اورقبائل کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتاہے۔ انہوں نے کہاکہ آئی ڈی پیز کی جلد بحالی اورواپسی وزیراعظم محمدنوازشریف اور حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پررکن قومی اسمبلی ڈاکٹرغازی گلاب جمال نے ایجنسی کے عوام کی جانب سے سپاسنامہ پیش کیا جبکہ ملک سپین گل نے گورنر کو روایتی لنگی پہنائی۔

قبل ازیں ایجنسی پہنچنے پر گورنرکاپرتپاک استقبال کیاگیا اورگارڈآف انرزبھی پیش کیاگیا۔ اپنے دورے کے دوران گورنرنے ایجنسی ہیڈکوارٹرمیں بچوں کو انسدادپولیو کے قطرے پلا کر انسدادپولیو مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گورنرنے کہاکہ اورکزئی ، شمالی وزیرستان اور خیبرایجنسی سمیت پورے فاٹا میں پولیو کے خاتمے کیلئے انسدادپولیو مہم کا آغاز کیاگیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ پولیو ہمارے بچوں کی معذوری اور پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہاہے اس لئے وزیراعظم محمدنوازشریف کی ہدایت پر ملک بھرمیں پولیو ایمرجنسی لگائی گئی ہے تاکہ اس کامکمل خاتمہ کیاجاسکے۔ گورنرنے ایجنسی کے دورہ کے موقع پر پودابھی لگایا۔ دریں اثناء ایجنسی کے دورے کے موقع پر گورنر نے صحافی برادری کیلئے اورکزئی پریس کلب کے قیام کااعلان کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اورکزئی ایجنسی کے صحافیوں کیلئے اڈیوویڈیو سہولت سے آراستہ پریس کلب تعمیرکیاجائے۔ انہوں نے اس موقع پر شہید صحافیوں کے ورثاء کیلئے ایک ایک لاکھ روپے کے امداد کا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :