پاکستان میں کمزور طبقہ کو طاقتور بنانے کے لیے دہشت گردوں اور مجرموں کا قلع قمع کردیا جائے ‘اس سلسلے میں ملکی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے،

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی پاکستان ہندو کونسل کے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 20 نومبر 2014 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان میں کمزور طبقہ کو طاقتور بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ملک سے دہشت گردوں اور مجرموں کا قلع قمع کردیا جائے اور اس سلسلے میں ملکی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پاکستان ہندو کونسل کے دفتر میں ہندو برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے سلسلے میں اپنے دورہ کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صدر پاکستان ہندو کونسل ڈاکٹر رامیش کمار کے علاوہ ہندو کونسل کے دیگر سینئر عہدیداران بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب نے اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی ذیادتیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کے قتل کو ایک ٹیسٹ کیس بنایاہے اور ان کے قاتلوں کو کیفر کردار تک ضرور پہنچایا جائے گا تاکہ آئندہ کوئی بھی اقلیتوں کو نقصان پہنچانے کی جرأت نہ کرسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ دہشت گردی پنجاب ، سندھ یا ملک کے کسی کونے میں ہو وہ اس کی مذمت کرتے ہیں اور ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا دلانے کے لیے پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے اور پوری قوم افواج پاکستان کی پشت بان ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ اور بنیادی حقوق کی محرومی کا واحد علا ج یہ ہے کہ ہم نے نبی کے سنہری اُصولوں سمیت قائداعظم اور اقبال کے نظریات اور خیالات کو یکسر فراموش کردیا جس کی بدولت آج معاشرہ بے راہ روی اور انتشار کا شکار ہے ۔

گورنر پنجاب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک پہلے ہی دہشت گردی ، سیلاب کی تباہ کاریوں ، توانائی کے بحران، آئی ڈی پیز کی بحالی اور سرحدوں کی کشیدہ صورت حال کے گھمبیر مسائل میں گھرا ہے ۔ایسے وقت میں سیاسی جماعتیں افہام و تفہیم کی سیاست کو فروغ دیں اور تمام اُمور کے حل کے لیے ہٹ دھرمی کے بجائے مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔قبل ازیں ڈاکٹر رامیش کمار نے گورنر پنجاب کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا اورہندو برادری کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ بھی دی۔

ڈاکٹر رامیش کمار نے بتایا کہ پاکستان ہندو کونسل 80 لاکھ ہندوؤں کی نمائندگی کرتی ہے جو ہندوؤں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے ۔ چوہدری سرور نے پاکستان کی معیشت میں ہندو برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ہندو برادری اور دیگر اقلیتوں کے حقوق کے لیے حکومت کے تمام ایوانوں میں عملاً آواز اُٹھائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم پاکستان میں اقلیتوں کو بنیادی حقوق یقینی بنائیں تو پاکستان کا وقار نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر تسلیم کیا جائے گا اور اس کا فائدہ یقینا پاکستان کی سرمایہ کاری کی صورت میں ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :