خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالامال ہے ‘وسائل کو بروئے کارلاکر صوبے میں ترقی کے نئے دورکا آغاز کرسکتے ہیں ‘صوبے میں قدرتی گیس اور پن بجلی کے پیداواری ذخائر اس صوبے کا بیش بہا قیمتی اثاثہ ہیں ‘توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے صوبے کے لئے قیمتی زرمبادلہ کے ذریعے معاشی انقلاب لاکر یہاں کے عوام پسماندگی دور کی جاسکتی ہے،

صوبائی وزیر برائے توانائی و برقیات محمدعاطف خان کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعرات 20 نومبر 2014 21:12

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء ) صوبائی وزیر برائے توانائی و برقیات محمدعاطف خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالامال ہے ان وسائل کو بروئے کارلاکر ہم صوبے میں ترقی کے نئے دورکا آغاز کرسکتے ہیں صوبے میں قدرتی گیس اور پن بجلی کے پیداواری ذخائر اس صوبے کا بیش بہا قیمتی اثاثہ ہیں توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے صوبے کے لئے قیمتی زرمبادلہ کے ذریعے معاشی انقلاب لاکر یہاں کے عوام پسماندگی دور کی جاسکتی ہے ۔

وہ محکمہ توانائی و برقیات میں خیبرپختونخوا میں کھادکی کمی پوراکرنے اورصوبے میں توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سرمایہ کار گروپوں کے ساتھ منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی و برقیات صاحبزادہ سعید احمد، ایڈیشنل سیکرٹری غضنفر علی، چیف پلاننگ آفیسر ذین اللہ، چیف ایگزیکٹیوخیبر پختونخواآئل اینڈ گیس کمپنی رضی الدین،چیف فنانس آفیسر اکبر ایوب بھی موجود تھے جبکہ کے سرمایہ کار گروپ کی قیادت چیف ایگزیکٹیو پاک امریکن فرٹیلائزر احمد جودت بلال اور رینٹرریسورس کنسلٹنٹ کی قیادت جاوید محموداور احسان مانی کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاک امریکن فرٹیلائزر گروپ نے خیبر پختونخوا میں پائی جانے والی قدرتی گیس کے ذخائر میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہارکیا ، جبکہ Rinter Resource Consultantsسرمایہ کار گروپ نے صوبے کے توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے اس صوبے کو موزوں قرار دیا اور باہمی ورکنگ گروپ کے تبادلوں پر زور دیا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری انرجی اینڈ پاور نے دونوں سرمایہ کار گروپوں کی دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ محکمہ توانائی اس سلسلے میں تفصیلی جائزے کے بعدحکومت سے باقائدہ منظوری لے کر حتمی فیصلہ کرے گا۔