Live Updates

ڈی سی اسلام آباد کا30 نومبر کے دھرنے کے حوالے سے پی ٹی آئی کا رابطہ،

دھرنے کے انتظامات اور سیکیورٹی کے حوالے سے (آج) ڈی سی آفس میں ملاقات طے پاگئی

جمعرات 20 نومبر 2014 20:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) ڈی سی اسلام آباد مجاہد شیر دل نے تحریک انصاف کے30 نومبر کے دھرنے کے حوالے سے پی ٹی آئی کے اسلام آباد سے رکن اسمبلی اسد عمر سے رابطہ کرلیا‘ دھرنے کے انتظامات اور سیکیورٹی کے حوالے سے (آج)جمعہ کو تحریک انصاف کی مقامی قیادت اور ڈی سی اسلام آباد کے درمیان ڈی سی آفس میں ملاقات طے پاگئی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ڈی سی اسلام آباد نے ٹیلیفون پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی اسد عمر سے رابطہ کیا اور ان سے 30 نومبر کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں دھرنے بارے معلومات حاصل کرنا چاہیں اور انہیں کہا کہ 30 نومبر کے جلسے میں تحریک انصاف کے کتنے کارکن شریک ہوں گے اور ان کی سیکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے کیا کیا اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسد عمر پر واضح کیا کہ 30 نومبر کے جلسے کیلئے تحریک انصاف کو پیشگی اجازت حاصل کرنا ہوگی اور اجازت کے بغیر انہیں جلسہ نہیں کرنے دیا جائے گا جس پر اسد عمر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ باتیں ٹیلیفون پر نہیں ہوسکتیں۔ آج تحریک انصاف کی طرف سے دھرنے کی اجازت اور دیگر معاملات کے حوالے سے ڈی سی آفس سے رابطہ کرلیا جائے گا۔ اسد عمر نے ”اُآئی این پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو بکاؤ مال کہنے کے حوالے سے عمران خان اپنے بیان کی وضاحت (آج) 21 نومبر کو لاڑکانہ کے جلسے میں کردیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات