تحریک انصاف کو جلسے سے روکنا مسلم لیگ ن کی بڑی سیاسی غلطی ہوگی، پیر معصوم نقوی

جمعرات 20 نومبر 2014 20:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء ) جمعیت علماپاکستان نیازی کے سربراہ پیرمحمد معصوم حسین نقوی نے کہاہے کہ تحریک انصاف کو جلسے سے روکنا مسلم لیگ ن کی بڑی سیاسی غلطی ہوگی۔ ریاستی جبر سے حکومت ہی کو نقصان ہوگا۔ جے یو پی پنجاب کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیرمعصوم نقوی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا ہر دور حکومت میں مخالفتیں مول لے کر اپنے لئے مشکلات پیدا کرنا وطیر ہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن فوج سے بنا سکی ہے اور نہ ہی سیاسی جماعتوں سے برتاو کا اسے طریقہ آیا ہے۔

(جاری ہے)

لیگی قیادت پیسوں میں سوچتی اور آمرانہ انداز سے ڈیل کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میا ں نواز شریف نے دھرنا بحران سے تو آ صف علی زرداری سے مشورہ لے کر جان چھڑا لی ہے۔ انہیں سیاسی استحکام کا درس بھی اپنے سیاسی گرو زرداری سے لینا چاہیے۔ پیر معصو م نقوی نے کہا کہ تحریک انصاف کو ڈی چوک میں جلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے سے سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔

پہلے ہی نجکاری کے خلاف واپڈا ملازمین سڑکوں پر ہیں، سانحہ ماڈل ٹاو ن پر تحقیقاتی ٹیم کو پاکستان عوامی تحریک مسترد کرکے احتجاج کررہی ہے اور عمران خان جلسے کررہے ہیں۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد نہ کرے۔